Live Updates

پرویز رشید کو معلوم ہے کہ کسی حکومت میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ عمران خان کو گرفتار کرے۔ دھرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان آج کل میں ہوجائے اور اس مرتبہ اسلام آباد میں جو لوگ نکلیں گے وہ شاید اس سے پہلے تاریخ میں نہ نکلے ہوں۔اسدعمر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 17 اکتوبر 2016 09:59

پرویز رشید کو معلوم ہے کہ کسی حکومت میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ عمران خان ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17اکتوبر۔2016ء) پاکستان تحریکِ انصاف کے راہنما اسد عمر نے اسلام آباد دھرنے سے متعلق وزیرِ اطلاعات پرویز رشید کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دے دیا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ یہ بات پرویز رشید کو بھی اچھے سے معلوم ہے کہ کسی حکومت میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ عمران خان کو گرفتار کرے۔

انھوں نے کہا کہ دھرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان آج کل میں ہوجائے اور اس مرتبہ اسلام آباد میں جو لوگ نکلیں گے وہ شاید اس سے پہلے تاریخ میں نہ نکلے ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اسلام آباد وزیراعظم نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ نہیں، بلکہ ان اداروں کی بحالی کا مطالبہ کرنے آرہے ہیں جو حکومت کے کنٹرول میں ہیں اور پاناما لیکس جیسے مسئلے کی آزادانہ تحقیقات نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ریلی سے خطاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ بلاول اب سرگرم ہورہے ہیں اور شاید وہ اب عوام میں جائیں گے تو ان کی الجھن ختم ہوجائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات پورے پاکستان کو معلوم ہے کہ شیر کا شکار صرف عمران خان ہی کرسکتا ہے، کیونکہ جو اصل اپوزیشن ہے وہ تحریکِ انصاف ہی ہے اور کم از کم اس بات پر ان کا بلاول کے ساتھ مکمل اتفاق ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز وفاقی وزیرِ اطلاعات پرویز رشید نے مردان میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان 30اکتوبر کو اسلام آباد میں نہیں کہیں اور نظر آئیں گے۔انھوں نے کہا تھا کہ قوم نے عمران خان کے رائے ونڈ مارچ کو ناکام بنایا، وعدہ کرتا ہوں کہ وہ 30 اکتوبر کو بھی نظر نہیں آئیں گے، وہ ہوں گے کہاں؟ یہ بعد میں بتاو¿ں گا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے رائے ونڈ جلسے سے خطاب میں حکومت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر وزیراعظم نواز شریف نے محرم الحرام تک خود کو پاناما لیکس کے حوالے سے تحقیقات کے لیے پیش نہیں کیا تو انہیں حکومت نہیں کرنے دیں گے۔عمران خان نے یہ بھی کہا تھا کہ محرم کے بعد آئندہ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا جس کے بعد وہ اسلام آباد جاکر درالحکومت کو بند کردیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات