کراچی :ایف سی ایریا میں دھماکہ،3افرادجاں بحق اور15زخمی

جاں بحق ہونیوالوں میں‌ایک خاتون اور2بچے شامل،دھماکہ خواتین کی مجلس کے دوران ہوا،دھماکہ دستی بم کا لگتا ہے،مزید تفتیش کی جارہی ہے،پولیس۔۔موٹرسائیکل سواردستی بم پھینک کرفرارہوئے۔عینی شاہد

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 17 اکتوبر 2016 20:38

کراچی :ایف سی ایریا میں دھماکہ،3افرادجاں بحق اور15زخمی

کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17اکتوبر2016ء):شہرقائد میں ایف سی ایریا میں دھماکہ ہوگیا،جس کے نتیجہ میں ایک خاتون اور 2بچوں سمیت3افرادجاں بحق اور15افرادزخمی ہوگئے ہیں،ریسکیوٹیموں نے امدادی کاروائیاں شروع کردی ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہاہے۔ریسکیوذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے ایف سی ایریا میں درعباس امام بارگاہ کے قریب دھماکہ ہوگیا۔

دھماکے کی آوازدور تک سنی گئی،جس سے لوگوں میں خوف وحراس پھیل گیا۔قانون نافذکرنیوالے ادارے فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر کر شواہد اکٹھے کیے۔پولیس کے مطابق ایف سی ایریا لیاقت آباد4میں ہونے والا دھماکہ دستی بم کا لگتا ہے۔تاہم مزید تفتیش کی جارہی ہے۔دستی بم حملہ خواتین کی مجلس کے دوران ہوا۔ریسکیوٹیموں کے مطابق دھماکے میں ایک خاتون اور2بچوں سمیت3افراد جاں بحق جبکہ 15افراد زخمی ہوگئے ہیں۔زخمی ہونیوالوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔ایڈیشنل سرجن پولیس عباسی شہید ہسپتال کے مطابق دھماکے میں ایک خاتون بھی جاں بحق ہوگئی ہے۔عینی شاہد کا کہنا ہے کہ دھماکہ دستی بم سے کیا گیاہے.موٹرسائیکل سواردستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔