رکن پنجاب اسمبلی خرم شہزادکا بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز کا دورہ

پیر 17 اکتوبر 2016 22:43

فیصل آباد۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2016ء) ممبرپنجاب اسمبلی شیخ خرم شہزاد نے گذشتہ روز علی زیب بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز کے وزٹ کے دوران وہاں زیرِ علاج تھیلاسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریض بچوں کی عیادت کی٬ اس موقع پر ادارہ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سید شاہد علی زیدی اور کوآرڈینئٹر مس صائمہ بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ اس وقت ادارہ میں60بچوں کو خون کی منتقلی کی جا رہی تھی۔

اُنہوں نے دور دراز کے گاؤں اور شہروں سے آئے ہوئے مریض بچوں اور اُن کے والدین سے ملاقات کرکے اُن کو درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا تو اُنہوں نے بتایا کہ اُنہیں خون کی منتقلی اور علاج معالجہ کے سلسلے میں کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں تا ہم یہ بلڈ ٹرانسفیوژن سنٹر شہر سے دور ہونے کی وجہ سے اُنہیں کافی سفری مشکلات کا سامنا کر نا پڑتا ہے٬ اس سلسلے میں جب شیخ خرم شہزاد نے ادارہ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سید شاہد علی زیدی سے اس سلسلے میں استسفار کیا تو اُنہوں نے شیخ خرم شہزاد کو ادارہ کی سروسز اور ادارہ کو درپیش مسائل کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی٬ ممبرپنجاب اسمبلی شیخ خرم شہزاد نے ادارہ کی کارکردگی کو سراہا اور اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

(جاری ہے)

ادارہ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سید شاہد علی زیدی نے ممبرپنجاب اسمبلی شیخ خرم شہزادکو اُن کی ادارہ آمد پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔