اب پاکستان میں کوئی بین الاقوامی ایجنڈا چلے گا نہ مارشل لا آئے گا٬ قوم کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہیں۔22۱ور23اکتوبر کو اضاخیل میں خیبر پختونخوا کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع عوامی تبدیلی کے لیے آغاز ثابت ہو گا

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کا اضاخیل اجتماع گا میں میڈیا کانفرنس سے خطاب

منگل 18 اکتوبر 2016 20:23

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اب پاکستان میں کوئی بین الاقوامی ایجنڈا چلے گا نہ مارشل لا آئے گا٬ قوم کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہیں۔22۱ور23اکتوبر کو اضاخیل میں خیبر پختونخوا کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع عوامی تبدیلی کے لیے آغاز ثابت ہو گا۔

وہ گزشتہ روز اضاخیل اجتماع گا میں میڈیا کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔کانفرنس میں صوبائی امیر مشتاق احمد خان٬ نائب صوبائی امیر ڈاکٹر محمد اقبال خلیل اور ناظم اجتماع صابر حسین اعوان بھی موجود تھے۔سراج الحق نے کہا کہ اجتماع میں خیبر پختونخوا کے علاوہ قبائلی علاقہ جات بھی تاریخ میں پہلی بار کسی سیاسی اجتماع میں شرکت کریں گے اور یہ بھی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگا کہ پختون خواتین خصوصاً قبائلی خواتین اسلامی فلاحی ملک کے قیام کے لیے باہر نکلیں گی۔

(جاری ہے)

شرکا میں زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے لوگ ہوں گے٬پچھلے ڈیڑھ ماہ سے جماعت اسلامی کے کارکنوں نے عوام کو اس اجتماع کا پیغام پہنچانا شروع کیا ہوا ہے اور ایک کروڑ افراد تک رسائی کے بعد لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کا آنا یقینی ہے۔15سو کنال پر مبنی اراضی میں انتطامات کیے گئے ہیں اور امکان یہی ہے کہ جگہ کم پڑ جائے گی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کو قائد اعظم نے جس مقصدکے لیے حاصل کیا تھا70 سال سے قوم کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی ایجنڈا کے تحت جب سرمایہ داروں کے ایک ٹولہ سے عوام اکتا جاتے ہیں تو دوسرے ایجنٹ کو سامنے لایا جاتا ہے۔لیکن سب کو آزمانے کے بعد اور سب کی ناکامی کے بعد اب کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ قوم نے 37سال تک مارشل لا بھی دیکھا ہے اس کے نتیجے میں ملک دو ٹکڑے ہو گیا ہے۔اس بار اسلامی نظام کے سوا کوئی اور راستہ نہیں ہے۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس اہل اور دیانت دار قیادت ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم آئینی سیاسی اور جمہوری طریقہ سے اس ملک میں تبدیلی لائیں گے اضاخیل کا اجتماع اس تبدیلی کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک سیاسی جماعت ہے اور سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔عمران خان کے اسلام آباد مجوزہ دھرنا کے حوالے سے انھوں نے کہا ہماری تمام تر توجہ22اور23اکتوبر کے اجتماع عام پر ہے لیکن سیاسی جماعت کے طور پر جلسہ جلوس کو آئینی حق سمجھتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس مرتبہ پاکستان پر کسی تیسری قوت کو قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور جمہوری انداز میں وہ جس کو چاہے اقتداردیں گے۔امریکہ کے وفادار اور چور دروازوں کے عادی لوگ جان لیں اس بار ان کا کوئی چال کامیاب نہیں ہو گا اور ہم عوام کے وووٹ اور اللہ کی تائید سے قوم کی قسمت بدلیں گے۔ہم ایسا نظام نافذ کریں گے جس میں غریب آدمی کو وہی سہولیات حاصل ہوں گی جو امیروں کو حاصل ہیں ۔تعلیم اور صحت کی سہولیات مفت ہوں گی اور انصاف گھر کی دہلیز پر ملے گا انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اضاخیل کا اجتماع عام ملک کی سیات کا رخ بدل دے گا اور قوم جماعت اسلامی ہی کو اپنی قیادت کے لیے چنے گی۔