Live Updates

پلڈاٹ نے2015-16ءکیلئے ایم این اے سکورکارڈ جاری کردیا

جے یوآئی(ف)کی محترمہ نعیمہ کشورخان70فیصد سکورکیساتھ”سال کی بہترین ایم این اے“قرار،محترمہ فریال تالپور،عمران خان اورحمزہ شہبازشریف20 فیصد کے مجموعی سکوراور39ویں پوزیشن کیساتھ کارکردگی میں سب سے پیچھے ہیں۔پلڈاٹ کی رپورٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 19 اکتوبر 2016 19:01

پلڈاٹ نے2015-16ءکیلئے ایم این اے سکورکارڈ جاری کردیا

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19اکتوبر2016ء) :پلڈاٹ نے 2015-16 ء کے لئے ایم این اے سکور کارڈ جاری کر دیا،جس کے تحت اراکین قومی اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام (ف)کی محترمہ نعیمہ کشور خان 70 فیصد سکور کے ساتھ ”سال کی بہترین ایم این اے“ رہیں،جبکہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی محترمہ فریال تالپور، تحریک انصاف کے عمران خان اور مسلم لیگ (نواز) کے حمزہ شہباز شریف20 فیصد کے مجموعی سکور اور 39ویں پوزیشن کے ساتھ کارکردگی میں سب سے پیچھے ہیں۔

پلڈاٹ کیجانب سے جاری سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جماعت اسلامی وہ سیاسی جماعت ہے جس کی پہلی 15 پوزیشنوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی شرح فیصد سب سے زیادہ 100فیصد ہے۔پہلے 15 پوزیشن ہولڈرز میں اراکین اسمبلی کی سب سے زیادہ شرح فیصد (23فیصد)کا تعلق صوبہ خیبرپختونخواہ سے ہے۔

(جاری ہے)

اراکین قومی اسمبلی کی کارکردگی کا مجموعی اوسط سکور 38 فیصد رہا (اس کے مقابلے میں سینیٹرز کا سکور 41 فیصد رہا)۔

قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں اراکین قومی اسمبلی کی انفرادی اوسط حاضری 61 فیصد رہی (اس کے مقابلے میں سینیٹ کی اوسط حاضری 63 فیصد رہی)۔ پلڈاٹ کی جانب سے کئے جانے والے چودھویں قومی اسمبلی کے اراکین کی انفرادی پارلیمانی کارکردگی کے ایک منظم جائزے کے مطابق‘ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی محترمہ نعیمہ کشور خان نے پہلی پوزیشن حاصل کی اور سب سے زیادہ 70 فیصد سکور لے کر ”سال کی بہترین ایم این اے“ قرار پائیں۔

تیسرے پارلیمانی سال (جون 2015 تا مئی 2016) کے دوران اراکین قومی اسمبلی کی انفرادی کارکردگی کی بنیاد پر ان کا اوسط کارکردگی سکور‘ 38 فیصد رہا جبکہ سینیٹرز کی کارکردگی کے ایسے ہی سکور کارڈ میں سینیٹرز کی اوسط کارکردگی کا سکور 41 فیصد رہا۔ جو اراکین قومی اسمبلی 20 فیصد کے مجموعی سکور کے ساتھ سب سے نچلی (39 ویں) پوزیشن پر رہے‘ ان میں کچھ قابل ذکر شخصیات شامل ہیں جیسے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین جناب عمران خان؛ پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے جناب حمزہ شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شعبہ خواتین کی صدر‘ محترمہ فریال تالپور۔

ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار 22 فیصد سکور کے ساتھ 38 ویں پوزیشن (آخری سے ایک نمبر کم) پر رہے۔ اسی طرح سابق سپیکر قومی اسمبلی پیپلز پارٹی کی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے 22 فیصد کا مجموعی سکور حاصل کیا۔ پاکستان کے سابق وزیر اعظم جناب ظفراللہ جمالی نے 27 فیصد مجموعی سکور حاصل کیا اور 35 ویں نمبر پر رہے۔ پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے بھی 27 فیصد مجموعی سکور حاصل کیا جبکہ جمعیت علمائے اسلام (فضل الرحمان) کے صدر اور پارلیمانی قائد مولانا فضل الرحمان نے 35 فیصد مجموعی سکور حاصل کیا اور 30 ویں نمبر پر رہے۔

صدر پختونخواہ ملی عوامی پارٹی جناب محمود خان اچکزئی نے 36 فیصد مجموعی سکور لے کر 29 ویں پوزیشن حاصل کی اور پاکستان تحریک انصاف کے نائب چیئرمین جناب شاہ محمود قریشی بھی اسی پوزیشن پر رہے۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر جناب شیخ رشید احمد نے 39 فیصد کے مجموعی سکور کے ساتھ 26 ویں پوزیشن حاصل کی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے جناب شفقت محمود بھی اسی پوزیشن پر رہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی نے 43 فیصد مجموعی سکور حاصل کیا جو 22 ویں پوزیشن ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی شازیہ مری نے 46 فیصد سکور کے ساتھ 19 ویں پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان تحریک انصاف کے جناب اسد عمر نے 47 فیصد کا مجموعی سکور حاصل کیا اور 18 ویں نمبر پر رہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرنز کے پارلیمانی قائد سید نوید قمر نے 51 فیصد سکور لے کر 14 ویں پوزیشن حاصل کی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :