عشرت العباد نعمت اللہ خان کے ادھورے اور نامکمل منصوبوں کو مکمل کرانے کا بیڑا اٹھائیں ‘حافظ محمد ادریس

بدھ 19 اکتوبر 2016 20:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے گورنر سندھ عشرت العباد کی طرف سے سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان اور ان کے دور میں کراچی شہر میں ہونے والی ترقی کی تعریف پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ عشرت العباد طویل مدت سے سندھ کے گورنر ہیں ٬ ان کے دور میں کراچی قتل و غارت گری ٬ بھتہ خوری اور دیگر جرائم کی آماجگاہ بنارہا٬ نعمت اللہ خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ نعمت اللہ خان کراچی کو جس طرح کا ایک پرامن اورروشنیوں کا شہر بنانا چاہتے تھے ان کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے اور شہر میں ہونے والی قتل و غارت گری اور ٹارگٹ کلنگ کو روکا جائے ۔

(جاری ہے)

عشرت العباد کو چاہیے کہ وہ آج ہی سے نعمت اللہ خان کے ادھورے اور نامکمل منصوبوں کو مکمل کرانے کا بیڑا اٹھائیں تاکہ کراچی حقیقی معنوں میں عالم اسلام کا دمکتا ہوا ستارا بن سکے ۔