وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمٰن سے چیئرمین ’’طلال ابو غزالی آرگنائزیشن‘‘ ڈاکٹر طلال ابو غزالی کی قیادت میں اردن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

بدھ 19 اکتوبر 2016 23:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2016ء) وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمٰن سے چیئرمین ’’طلال ابو غزالی آرگنائزیشن‘‘ ڈاکٹر طلال ابو غزالی کی قیادت میں اردن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز سے متعلقہ باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی سیکرٹری آئی ٹی رضوان بشیر خان اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اعلیٰ عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے عرب اور دیگر مسلم دنیا میں آئی سی ٹی کے حوالہ سے طلال ابو غزالی آرگنائزیشن کے منصوبوں خصوصاً خواتین اور لڑکیوں کی تکنیکی تربیت سے متعلقہ منصوبہ جات سے وزیر مملکت کو آگاہ کیا۔ انوشہ رحمٰن نے کہا کہ ہماری حکومت ملک کے کونے کونے تک براڈ بینڈ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ’’ایکسلریٹیڈ ڈیجیٹل لائزیشن‘‘ کے ایجنڈے پر عمل پیراہے اور ہماری انہی کاوشوں کے سبب پاکستان میں براڈ بینڈ کی شرع نمو جو قبل ازیں محض 3 فیصد سے بھی کم تھی اب 25 فیصد سے تجاوز کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طلال ابو غزالی نے بتایا کہ ان کی تنظیم انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کے حوالے سے بالخصوص عرب دنیا اور بالعموم مسلم امہ کے ممالک کو ایک پلیٹ فارم مہیا کر رہی ہے تاکہ ہم اپنے مشترکہ ایجنڈے کو باہمی تعاون سے پایہ تکمیل تک پہنچا سکیں۔ اسی سلسلہ میں ہم نے آن لائن تعلیم کے حصول کیلئے پوری دنیا میں 1500 نالج سنٹرز قائم کئے ہیں٬ ہم دوردراز اور پسماندہ علاقوں کے مکینوں کو جدید تکنیکی علوم تک رسائی دلانے کیلئے ملک بھر میں 500 ٹیلی سنٹرز قائم کرنے جا رہے ہیں۔

ابتدائی مرحلے میں 30 مقامات کی منظوری دی جا چکی ہے جن پر تعمیراتی کام جلد شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ملک کے دور دراز دیہی علاقوں کو جدید براڈبینڈ سہولیات کی فراہمی کیلئے یونیورسل سروسز فنڈ کے تحت براڈ بینڈ فار سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ منصوبہ شروع کر رکھا ہے اور ایسے تمام علاقے جو تاحال ان سہولیات سے محروم ہیں انہیں انشاء اللہ 2018ء تک مکمل رسائی حاصل ہو جائے گی۔

وزیر مملکت نے وفد کو ویمن امپاورمنٹ کے حوالہ سے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی طرف سے شروع کئے گئے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے غریب اور نادار بچیوں کی جدید تکنیکی تربیت کیلئے آئی سی ٹی فار گرلز کا خصو صی منصوبہ شروع کر رکھا ہے جس کے تحت بیت المال کے زیر اہتمام 150 ویمن امپاورمنٹ سنٹرز میں جدید کمپیوٹر لیبز قائم کی گئی ہیں جہاں ان بچیوں کو مائیکرو سافٹ کے ذریعے جدید تکنیکی مہارت سے بہرہ ور کیا جا رہا ہے۔

اس پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر 100 ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دی جا چکی ہے جو آگے ہزاروں بچیوں کو جدید تکنیکی علوم کی تربیت مہیا کر رہی ہیں۔ انوشہ رحمٰن نے کہا کہ آئی سی ٹی سے وابستہ نوجوانوں اور سٹارٹ اپس کی عملی تربیت ہمیشہ ہماری ترجیحات کا اہم حصہ رہی ہے۔ اسی لئے ہم نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ نیشنل انکیوبیشن سنٹر قائم کیا ہے تاکہ ہم آئی سی ٹی سے وابستہ نوجوانوں کو بہتریں عملی تربیت مہیا کر سکیں۔ ابو طلال غزالی نے آئی سی ٹی کے فروغ کیلئے حکومت پاکستان اور وزیر مملکت انوشہ رحمن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے آئندہ مشترکہ ایجنڈے پر وزارت انفارمیشن ٹیکلنالوجی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :