بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے پاسپورٹ کی تجدید 16 منٹ میں ممکن ہو گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 20 اکتوبر 2016 14:58

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے پاسپورٹ کی تجدید 16 منٹ میں ممکن ہو گئی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20 اکتوبر 2016ء): پاسپورٹ آفس میں آن لائن سسٹم متعارف کروانے کے بعد جہاں عوام کی لمبی قطاروں سے جان چھوٹی ہے وہیں اب بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اپنے پاسپورٹ کی تجدید کا عمل محض 16 منٹ میں مکمل کر سکتے ہیں۔ جبکہ پاسپورٹ کی تجدید کے بعد متعلقہ حکام آپ کے تجدید شدہ پاسپورٹ اور دستاویزات کو آپ کی دہلیز تک بھی پہنچا دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ کی آن لائن تجدید اور پاسپورٹ سے متعلق آن لائن سہولیات کا پہلا مرحلہ وزارت داخلہ نے حال ہی میں متعارف کروایا تھا جسے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی فعال کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن نظام پاسپورٹ ایجنٹوں کے جعلی کاموں اور بھتہ خوری کے واقعات میں کمی کا باعث بھی بنے گا۔

(جاری ہے)

اس سہولت کے تحت ارجنٹ پاسپورٹ کا اجرا 4 دن میں ممکن ہو جائے گا جبکہ تجدید شدہ پاسپورٹ کے اجرا میں 10 دن درکار ہوں گے۔

قائم مقام قونصل جنرل آف پاکستان رانا ثمر جاوید نے غیر ملکی اخبار کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اس سہولت سے 24 گھنٹ مستفید ہو سکتے ہیں۔ اور ایسے افراد جن کی پاسپورٹ کی میعاد 7 ماہ رہ گئی ہے ، وہ بھی پاسپورٹ کی تجدید کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔ اپلائی کرنے کے بعد دستاویزات کا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد نارمل تجدید کے لیے 10 دن جبکہ ارجنٹ تجدید کے لیے 4 روز کے اندر صارف کے دئے گئے پتے پر پاسپورٹ ارسال کر دیا جائے گا۔