لیاقت علی خان قائد اعظم کے دستِ راست تھے٬ پروفیسر انعام احمد

لیاقت علی خان حق و صداقت اتحادویگانگت کے امین تھے٬ امین میمن

جمعرات 20 اکتوبر 2016 22:38

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) شہید ملت لیاقت علی خان قائد اعظم ؒ کے دستِ راست اور قابل اعتبار ساتھی تھے یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان کے پہلے وزیر اعظم بنے اوراس ملک پر اپنی جان قربان کردی مگر اصولوں پر سمجھوتا نہیں کیا۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات لیاقت علی خان کی برسی کے سلسلے میں وفاقی جامعہ اردو٬ سوشل اسٹوڈنٹس فورم اور پیام پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ بین الکلیاتی تقریری مقابلے سے بحیثیت مہمان خصوصی چیئرمین انٹر بورڈ پروفیسر انعام احمد نے کہی۔

انہوں نے شہید ملت لیاقت علی خان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے صدر جنرل منیجر پی ٹی وی امین میمن نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ لیاقت علی خان حق و صداقت٬ اتحاد و یگانگت کے امین تھے٬ انہوں نے پاکستان کی تعمیروترقی میں اہم سنگ میل کی بنیاد رکھی اور کامیاب حکمت عملی کی بدولت پاکستان کو مضبوط واستحکام بخشا٬ یہی وجہ تھی کہ سامراجی قوتوں کو ان کا یہ مثبت عمل پسند نہیں آیا اور ان کو شہید کردیا گیا مگر شہید ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔

(جاری ہے)

معروف محقق٬ قانون دان اور تحریک پاکستان کے مجاہد آزاد بن حیدر نے خصوصی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ شہید ملت قائد اعظم کے سچے عاشق اور وفادار تھے٬ انہوں نے کسی کی پرواہ کئے بغیر انتھک جدوجہد جاری رکھی اور اپنی بہترین خارجہ پالیسی کو پاکستان کے حق کیلئے استعمال کیا اور مسلسل کامیابیاں حاصل کی٬ انہوں نے پاکستان کو بلندیوں پر پہنچانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کی بنیادیں مضبوط کیں۔

قبل ازیں فورم کے چیئرمین نفیس احمد خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے اصلاف کی تاریخ کو دھراتے رہیں گے تاکہ ہمارے نوجوان اور آنے والی نسل ان کی قدر کرے اور شہید ملت جیسے بہادر لوگوں کو اپنا ہیرو بنائیں۔ مہمان اعزازی سید خالد شاہ نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں جنہیں شہید ملت جیسے عظیم بے لوث لیڈر ملے جنہوں نے اپنی جان اس پاک وطن کیلئے قربان کردی۔

سید حسنین رضوی نے کہا کہ شہید ملت ہم نوجوانوں اور بزرگوں کیلئے ایسی لازوال مثال ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سابق مشیر اور پیام پاکستان کے چیئرمین اقبال یوسف نے کہا کہ شہید ملت نے ملک کی بقاء کیلئے جام شہادت نوش کیا۔ فورم کے سرپرست کیپٹن ایم ضیاء عالم نے بھی قائد ملت کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریری مقابلے میں اسکولوں میں اول اقصیٰ زیب٬ دوم عائشہ کنول اور سوم علی شاہ افتخار جبکہ کالجوں میں ارم سحر اول٬ عمار عباس دوم اور سنبل افتخار نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اس موقع پر فورم کی جانب سے ممتاز شخصیات اور فورم کے اراکین میں ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔ مہمان خصوصی چیئرمین انٹربورڈ انعام احمد٬ صدر تقریب جنرل منیجر پی ٹی وی امین میمن کو فورم کے چیئرمین نفیس احمد خان نے فورم سوینر پیش کیا۔