پاکستان میں دستکاری اور چھوٹی صنعتوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں ‘ رئیس غلام مرتضیٰ جتوئی

کوشش ہے تیار کردہ مصنوعات کی مارکیٹ تک رسائی ہو تاکہ انکی مانگ میں اضافہ ہو سکے‘ وفاقی وزیر کی نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعہ 21 اکتوبر 2016 21:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیرصنعتیں و پیداوار رئیس غلام مرتضیٰ خان جتوئی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دستکاری اور چھوٹی صنعتوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں ٬ کوشش ہے کہ تیار کردہ مصنوعات کی مارکیٹ تک رسائی ہو تاکہ ان کی مانگ میں اضافہ ہو سکے٬ پاکستان میں اعلی قسم کی مصنوعات تیار کی جاتی ہیں ٬ دیہی علاقوں کی خواتین کو تربیت دے کر مصنوعات کی تیاری میں مدد مل سکتی ہے اس سے جہاں دیہی اور دور دراز علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے وہاں ہُنر مند افراد کی آمدنی میں بھی اضافہ ہو گا ٬ پاکستان میں ہُنر مند افراد کی کمی نہیں ٬ ایسی حکمت عملی اپنا رہے ہیں کہ وزارت تجارت کے ساتھ رابطہ کر کے ان مصنوعات کو عالمی منڈی میں بھی بھجوایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں آہن کی طرف سے لگائی گئی نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔ نمائش میں چاروں صوبوں٬ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ہُنر مند افراد کی بنائی گئی دستکاریوں کی نمائش کی جارہی ہے جس کا اصل مقصد دور دراز علاقوں کے ہُنر مند افراد کی بنائی گئی دستکاریوں کی مارکیٹ تک رسائی ہے تاکہ ان محنت کشوں کو ان کی محنت کا معقول معاوضہ مل سکے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ہُنر مند جو چیزیں بنا رہے ہیں وزارت صنعت و پیداوار کی کوشش ہے کہ وہ مستقل طور پر یہ مصنوعات تیار کریں اُنہیں ان مصنوعا ت کی مارکیٹ تک رسائی کے مواقع بھی مل سکیں ۔ وزارت صنعت و پیداوار کے ماتحت پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے تحت نو ایسے ادارے کام کر رہے ہیں جو پسماندہ علاقوں میں ان مصنوعات کی تیاری کے لیے ہُنر مند افراد کی معاونت کرتے ہیں اور اُنہیں کاروبار میں وسعت کے لیے مدد بھی فراہم کرتے ہیں ۔

وفاقی وزیر نے کہا ک اِن اداروں کے پاس فنڈز کی کمی کی وجہ سے اِن مصنوعات کی مناسب تشہیر کا بندوبست نہیں ہے جس کی وجہ سے اِن مصنوعات کو مارکیٹ تک رسائی نہیں مل سکی ۔ آہن کی طرف سے آج کی نمائش کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہاتھ کی بنائی ہوئی دستکاریوں کی مارکیٹ تک مناسب رسائی ہو سکے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسی نمائشوں کا اہتمام دوسرے شہروں میں بھی کیا جائے گا تاکہ ان کی مناسب تشہیر ہو سکے اور ہُنر مند افراد اس سے فائدہ اُٹھا سکیں ۔