پیپلز پارٹی کی پالیسی جمہوریت کوکسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گی ‘ مخدوم احمد محمود

مسلم لیگ (ن) کے وزراء اپنے گمراہ کن بیانات سے نواز شریف کو پانامہ لیکس کے احتساب سے نہیں بچا سکتے ‘گفتگو

جمعہ 21 اکتوبر 2016 22:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2016ء) سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی پالیسی اسمبلیوںکی مدت پوری کرنے اور 2018ء کے انتخابات کیلئے تیاری ہے جوجمہوریت کوکسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دے گی تاہم حکومتی پالیسیوں سے وفاق خطرے میں ہے۔یہ بات انہوں نے سابق رکن اسمبلی پنجاب چوہدری شوکت بسرا اور پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین کے ہمراہ میڈیا آفس سے جاری اپنے مشترکہ بیان میں کہی ۔

مخدوم احمد محمود نے کہا کہ حکمرانوں کی نا اہلی اور ناقص حکمت عملیوں کے باعث 2نومبر کو اسلام آباد پر یلغار کے حوالے سے قیاس آرائیوں نے زور پکڑلیا ہے قومی اسمبلی میں اتحادیوں سمیت دو تہائی اکثریت کی حامل حکومت کے بارے کمزوری اور قبل از وقت انتخابات کی نشاندہی کے پراپیگنڈے نے زور پکڑ لیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے وزراء اپنے گمراہ کن بیانات سے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے اور نہ ہی وزیر اعظم نواز شریف کو پانامہ لیکس کے احتساب سے بچا سکتے ہیں نواز شریف کو پانامہ لیکس کا حساب دینا ہی پڑے گا ڈنگ ٹپائو پالیسی نہیں چلے گی قوم جاننا چاہتی ہے کہ پیسہ ملک سے باہر کیسے گیا اور کیا کوئی ٹیکس بھی دیا گیا ہے یا نہیں۔

پیپلز پارٹی پانامہ لیکس کا احتساب نواز شریف سے مانگتی رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے نیک نیتی کے ساتھ اپوزیشن جماعتوں کے مل کر ٹی او آرز بنائے لیکن حکومت بھاگ گئی اور اپوزیشن کو محض کمیٹی کمیٹی میں الجھانے میں لگی رہی اب بھی وزرا عوام کو اپنے بیانات سے الجھانے کی کوشش کررہے ہیں وزیر اعظم اندرونی سیاسی حالات پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے ترقی کاموں میں الجھ کر رہ گئے ہیں حالانکہ ان کو تواتر سے پارلیمنٹ کا رخ کرنا چاہیے اور اپوزیشن جماعتوں سے اہم امور پر بات چیت کو آگے بڑھاتے ہوئے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے عمل کو مفاہمت سے آگے بڑھانا چاہیے۔

لیکن ایسا نہیں ہورہا نواز شریف ماضی سے سبق حاصل کرنے کے بجائے ایک مرتبہ پھر 90کی دہائی والی سیاست دہرانا چاہتے ہیں ایسے حالات کسی بھی طور پر ملک و قوم اور جمہوریت کے لیے خوشگوار نہیں ہیں حالات کا ر خ کسی ارو طرف ہے جو حکمرانوں کے امتحان کی گھڑی ہے کسی بھی ایڈونچر کی ضرورت نہیں ہے مخدوم احمد محمود کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم احتساب سے بھاگ نہیں سکتے ابھی تو صرف ایک جماعت سڑکوں پر آکر ان سے حساب مانگ رہی ہے جس وقت پیپلز پارٹی سڑکو ںپر آگئی تو پھر ان کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔