خواجہ ناظم الدین کی تحریک پاکستان میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا٬ پروفیسر ڈاکٹر پروین خان

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 18:58

لاہور۔22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2016ء) خواجہ ناظم الدین قائداعظم محمد علی جناحؒ کے دست راست اور مخلص ساتھی تھے٬وہ ایک ذمہ دار رہنما اور پاکیزہ کردار کے مالک تھے٬ خواجہ ناظم الدین نے تحریک پاکستان میں جو خدمات انجام دیں‘ وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے مادرِ ملت سنٹر کی کنوینئر اور دانشور پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما خواجہ ناظم الدین کی 52 ویں برسی پر ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں منعقدہ خصوصی لیکچر کے دوران کیا٬ اس لیکچر کا اہتمام نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا٬ڈاکٹر پروین خان نے مزید کہا کہ خواجہ ناظم الدین نہایت سادہ‘ مخلص اور حلیم الطبع شخص تھے٬آپ 19 جولائی 1894ء کو ڈھاکہ کے ایک نواب گھرانے میں پیدا ہوئے٬ والد کا نام خواجہ نظام الدین تھا٬ اعلیٰ تعلیم علی گڑھ کالج اور کیمبرج یونیورسٹی (انگلستان) سے حاصل کی٬ 1922ء سے 1929ء تک وہ ڈھاکہ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین رہے٬ اس حیثیت سے انہوں نے ڈھاکہ شہر کی ترقی کے لیے اہم خدمات انجام دیں۔