اقوام متحدہ عالمی برادری کیلئے مختلف چیلنجوں سے نمٹنے اور عالمی برادری کو درپیش مختلف مسائل کے حل کیلئے بہترین فورم ہے٬صدرممنون حسین

پاکستان کثیرالجہتی تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے٬ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اس کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری کا عزم کرتے ہیں٬اپنا موثر کردار ادا کرتے رہیں گے٬اقوام متحدہ کی 71ویں سالگرہ پر پیغام

اتوار 23 اکتوبر 2016 22:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ اقوام متحدہ عالمی برادری کیلئے مختلف چیلنجوں سے نمٹنے اور عالمی برادری کو درپیش مختلف مسائل کے حل کیلئے بہترین فورم ہے٬ پاکستان کثیرالجہتی تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے٬ ہم اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اس کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری کا عزم کرتے ہیں اور اس ضمن میں اپنا موثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اقوام متحدہ کی 71ویں سالگرہ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان امن ٬ سلامتی٬ ترقی اور انسانی حقوق کے اجتماعی مقاصد کے فروغ کیلئے اقوام متحدہ میں اپنا کلیدی کردار برقرار رکھے ہوئے ہے٬ دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت اندرونی چیلنجوں کے باوجود ہم اقوام متحدہ کے امن مشن میں بڑے شراکت دار ہیں٬ ہماری منزل عالمی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے٬ گذشتہ پانچ سالوں کے دوران ایک لاکھ 70 ہزار پاکستانی امن فوج میں دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے تحت خدمات سرانجام دے چکے ہیں جبکہ 146 پاکستانیوں نے اپنے فرائض کے دوران اپنی جان کی قربانی بھی دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم یہ عزم کرتے ہیں کہ آنے والے وقت میں بھی اس حوالہ سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے بھارت اور پاکستان کیلئے ملٹری آبزرور گروپ کا میزبان بھی ہے جو کہ اقوام متحدہ کے سب سے پرانے مشنز میں سے ایک ہے جو جموں و کشمیر کے متنازعہ علاقہ میں سیز فائر کے مشاہدہ کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ دنیا کے پسے ہوئے طبقات کیلئے امید کی کرن ہے ٬ 8 جولائی 2016ئ کو کشمیری نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد جموں و کشمیر کے عوام بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نشانہ بن رہے ہیں٬ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ اس بربریت سے چھٹکارے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا اور ان کے بنیادی اور تسلیم شدہ حق خودارادیت جس کا وعدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق عالمی برادری نے ان سے کیا ہے٬ اس پر عمل درآمد یقینی بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس وقت عالمی امن اور سلامتی برقرار رکھنے کیلئے کئی خطرات اور چیلنجوں کا سامنا ہے جن میں پائیدار ترقی٬ ماحولیاتی تبدیلیاں٬ غربت کے خلاف جنگ اور بھوک شامل ہے٬ ان چیلنجوں سے ایک مضبوط اور موثر اقوام متحدہ ہی نمٹ سکتا ہے٬ آج کا دن عالمی برادری کیلئے مقدس مقاصد میں کامیابی کیلئے اقوام متحدہ کی سیاسی حمایت اور عزم کے اعادہ کا دن ہے٬ پاکستان اس مشن میں ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :