اسفندیارولی خان کی کوئٹہ آمد٬زخمیوں کی عیادت اورشہداء کے خاندان سے اظہارتعزیت

منگل 25 اکتوبر 2016 18:52

پشاور۔25اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان کوئٹہ پہنچ گئے جہاں وہ پولیس ٹریننگ سکول کے زخمیوں کی عیادت اور شہید ہونے والوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کریں گے ٬ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین بھی ان کے ہمراہ ہیں۔دریں اثناء اپنے ایک بیان میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ فعل قرار دیا ہے اور سانحہ میں شہید ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے ٬ انہوں نے کہا کہ کہ جب تک ملک بھر خصوصاً پنجاب میں دہشت گردوں کے نیٹ ورکس تباہ نہیں کئے جاتے امن کا قیام ممکن ہی نہیں ٬انہوں نے کہا کہ اے این پی نے اپنے دور میں جس طرح دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی وہ تاریخ کا انمٹ باب ہے اور یہی وجہ ہے کہ اے این پی آج تک دہشت گردوں کے ٹارگٹ پر ہے ٬ مرکزی صدرنے کہا کہ خارجہ پالیسی میں ملکی مفاد کو مقدم رکھ کر کام کیا جائے تو دہشت گردی سے نجات ممکن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگرچہ وزیرستان آپریشن کے نتیجے میں دہشت گردوں کی طاقت منتشر ہوئی لیکن نیشنل ایکشن پلان کے تمام 20نکات پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے وہ پھر سے منظم ہوئے ٬ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ٬ ایران اور خصوصاً افغانستان کے ساتھ خصوصی دوستانہ تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ افغان مہاجرین کو زبردستی نکالنے سے دونوں ملکوں کی حکومتوں میں جن فاصلوں نے جنم لیا اس کا فائدہ دہشت گردوں کو ہو رہا ہے۔انہوں نے شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

متعلقہ عنوان :