کراچی٬امریکی قونصل خانے کے زیر اہتمام کانسرٹ کا انعقاد

منگل 25 اکتوبر 2016 22:45

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) امریکی قونصل خانے کے زیر اہتمام ڈینیل پرل ورلڈ میوزک ڈیزمنایا گیا۔جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل کی رہائشگاہ پر 600سے زائد افراد کیلئے کانسرٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں مشہور پاکستانی پاپ بینڈز دا اسکیچزاورساونڈزآف کولاچی نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

کانسرٹ سے پہلے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے امریکی سفارت خانے اسلام آباد کے ڈپٹی چیف آف مشن جانتھن پریٹ نے کہا کہ آنجہانی امریکی صحافی ڈینیل پرل مختلف ثقافتوں کو قریب لانے کا ذریعہ بنے۔ جانتھن پریٹ نے کہا کہ ڈینیل پرل موسیقی میں بے انتہا دلچسپی رکھتے تھے اور اس کی ایک جھلک ان کی یاد میں منعقد کئے جانے والے اس کانسرٹ میں بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قونصل جنرل گریس شیلٹن نے کہا کہ آج کی خوبصورت تقریب نے یہ بات ثابت کر دی ہے کہ دوستی ٬ برداشت اور باہمی احترام کے جذبے کو شکست نہیں دی جاسکتی۔ گریس شیلٹن نے کہا کہ تقریب میں پیش کی جانے والی موسیقی ناصرف امن اور محبت کے جذبے کو فروغ دیتی ہے بلکہ اس میں روایتی صوفی موسیقی کا رنگ بھی نمایاں ہے۔ ڈینیل پرل ورلڈ میوزک ڈیز دنیا بھر میں امن کیفروغ کیلیے موسیقی کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔

بین الاقوامی کانسرٹس کا یہ سلسلہ آنجہانی امریکی صحافی ڈینیل پرل کی یاد میں شروع کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں 2002ء سے اب تک 140ملکوں میں ہزاروں موسیقی کی محفلیں منعقد کی جا چکی ہیں۔ اس منصوبے کا مقصدموسیقی کے ذریعے برداشت اور باہمی احترام کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔ ڈینیل پرل فاونڈیشن کا قیام 2002ء میں ہوا جس کا مقصد مختلف مکاتب فکر کے افراد کے درمیان مکالمے کا آغاز٬ نفرت کا خاتمہ اور ذمہ دارآنہ صحافت کا فروغ ہے۔