کوئٹہ واقعہ پر دلی افسوس اور دکھ ہے‘ سانحے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں‘ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

منگل 25 اکتوبر 2016 22:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کوئٹہ واقعہ پر دلی افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور شہدا کے بلندی درجات کے لیے دعا گو ہیں۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے واقعے کی تحقیقات کاحکم جاری کردیا ہے اور جس کی بھی کوئی کمی کوتاہی ہوئی یا کوئی سیکیورٹی لیپس ہوا تو اس کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دھرنے کے حوالے سے انتظامی امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اس معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں جو ایک منجھے ہوئے سیاستدان اور بہترین ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں اس لیے وہ جو بھی فیصلہ کریں گے عوام کے مفاد میں ہی ہوگا جس سے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے تو آئینی و جمہوری حقوق کی بات کرتے ہیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اسلام آباد جسے وہ بند کرنے کی باتیں کر رہے ہیں اس کے شہریوں کے بھی آئینی و جمہوری حقوق ہیں جنہیں وہ سلب کرنے جا رہے ہیں٬ شہریوں کی آزادی سے بلاخوف و خطر نقل و حرکت بھی انکا آئینی حق ہے٬ بچوں کا سکول جانا بھی ان کا آئینی حق ہے٬ مریض کا ہسپتال جانا بھی اس کا آئینی حق ہے جنہیں وہ ماننے کو تیا ر ہی نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت پاناما معاملے کو کلیر کرنا چاہتی ہے اور اس میں سنجیدہ بھی ہے کیونکہ ہم 2018ء کے انتخابات میں جانے سے پہلے اس معاملے کو خود ہی کلیر کرنا چاہتے ہیںتا کہ عوام کے سامنے سرخرو ہوں٬ اس معاملے کے کلیر ہونے کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان ہی بہترین فورم ہے جہاں کیس موجود ہے اس لیے عدلیہ جو فیصلہ بھی کرے گی ہمیں قبول ہوگا٬ عمران خان کو بھی چاہیے کہ اداروں کا احترام کریں اور عدلیہ کے فیصلے کا انتظار کریں اور اسلام آباد پر دھاوا بولنے سے گریز کریں جو ایک سیکیورٹی رسک بھی ہے۔

متعلقہ عنوان :