لندن کے میئر صادق خان با اثر ترین ایشیائی شخصیت قرار

جمعرات 27 اکتوبر 2016 11:39

لندن کے میئر صادق خان با اثر ترین ایشیائی شخصیت قرار

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء) برطانوی تاریخ میں پہلی بار دارالحکومت لندن کے مسلمان میئر منتخب ہونے والے پاکستانی نژاد برطانوی سیاستدان صادق خان کو برطانیہ کی سب سے با اثر ترین ایشیائی شخصیت ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہو گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں جنوبی ایشیائی باشندوں کی کامیابیوں کے جشن منانے کے حوالے سے جی جی ٹو لیڈر شپ ایوارڈز کی سالانہ تقریب میں لندن کے میئر صادق خان کو برطانیہ کی سب سے زیادہ اثر و رسوخ رکھنے والی ایشیائی شخصیت کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

معروف برطانوی پبلشنگ ہاوس ایشین میڈیا اینڈ مارکیٹنگ گروپ نے برطانیہ کے ممتاز ایشیائی شخصیات کی نئی فہرست جاری کی ہے جس میں جنوبی ایشیائی برادری میں سے کئی بے مثال شخصیات کے ناموں کو شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جی جی ٹو پاور لسٹ کے مطابق 2017ء کے لیے برطانیہ کی با اثر ترین شخصیات کی فہرست میں پاکستانی نژاد برطانوی سیاست دان ساجد جاوید اور نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی سمیت برطانوی گلوکار زین ملک کے نام شامل ہیں۔

اس سال کے فاتح کا اعزاز پانے کے ساتھ ساتھ صادق خان کو ان کی بے مثال کامیابیوں کے لیے ہیمر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔ یہ گراں قدر ایوارڈ خاص طور پر ایسی انفرادی شخصیت کو دیا جاتا ہے جنھوں نے کامیابی کی راہ میں حائل پوشیدہ دیوار کو توڑتے ہوئے آگے کی جانب قدم بڑھائے ہیں۔صادق خان نے کہا کہ میں ہیمر ایوارڈ دینے پر جی جی ٹو لیڈر شپ ایوارڈ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو برطانیہ کے تنوع کا جشن منانے کے لیے ایک قیمتی پلیٹ فارم ہے ان کا کہنا تھا کہ میں کامیابیوں کی راہ میں حائل پوشیدہ دیوار کو گرانے کی کوششوں کو جاری رکھوں گا اور میں تمام پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لیے ایک مثبت مثال بننے کی امید رکھتا ہوں۔

متعلقہ عنوان :