Live Updates

عمران خان کو اسلام آباد سے روالپنڈی آنے سے روکنے کے لیے ڈی سی او راولپنڈی کا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو مراسلہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 28 اکتوبر 2016 14:33

عمران خان کو اسلام آباد سے روالپنڈی آنے سے روکنے کے لیے ڈی سی او راولپنڈی ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28اکتوبر۔2016ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اسلام آباد سے روالپنڈی آنے سے روکنے کے لیے ڈی سی او راولپنڈی نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ایک مراسلہ بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو شیخ رشید کی ریلی میں شرکت کرنے سے روکیں۔سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے اس ریلی میں شرکت امن و امان میں خلل پیدا کرنے کا باعث ہو سکتی ہے۔

نمازِ جمعہ کے بعد لال حویلی سے شروع ہونے والے اس جلوس نے فیض آباد پر اختتام پذیر ہونا ہے اور اس ریلی کو دو نومبر کو تحریکِ انصاف کی جانب سے دارالحکومت اسلام آباد کو بند کرنے کی کال کی ریہرسل قرار دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ نے جلوس اور امن و امان کے مدنظر راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی میٹرو بس کو بھی تا حکم ثانی بند کر دیا ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے پہلے ہی شہر میں دفعہ 144 نافذ کی ہوئی ہے جس کے تحت پانچ سے زیادہ افراد کے اجتماع کے علاوہ لاو¿ڈسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو ہراساں کرنے اور انھیں بلاجواز گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔اس ضمن میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج شوکت عزیز صدیقی نے یہ احکامات جاری کیے ہیں۔

عدالت نے درخواست گزار سے تحریری یقینی دہانی بھی کروائی کہ وہ عدالت کے گذشتہ روز کے احکامات پر عمل درآمد کریں گے جس پر پی ٹی آئی نے یقین دہانی کر دی ہے۔عدالت نے اب تک گرفتار کیے جانے والے افراد کی فہرست بھی 31 اکتوبر کو طلب کی ہے۔واضح رہے تحریکِ انصاف نے جمعرات کو یوتھ کنونشن سے حراست میں لیے جانے والے اپنے کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دی ہے۔گرفتار کیے جانے والے کارکنوں میں سے 37 کو اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :