Live Updates

دوسروں کو گالیاں دینے والے کو سوال کرنے والا میڈیا برداشت نہیں٬ایک خاتون رپورٹر نے سوال کیا تو عمران خان نے معذرت کرنے کے بجائے انتہائی بدتمیزی کا رویہ اپنایا٬میڈیا برادری اس کا نوٹس لے٬امیرمقام

جمعہ 28 اکتوبر 2016 23:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیرمقام نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے میڈیا پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے اس بدسلوکی پر ’’الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے‘‘ والا رویہ اپنایا جو افسوسناک اور میڈیا کی آزادی کے منافی ہے۔ دوسروں کو گالیاں دینے والے کو سوال کرنے والا میڈیا برداشت نہیں۔

جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بنی گالہ میں عمران خان کے گھر کے باہر کوریج کیلئے موجود نجی ٹی وی کے ورکر محمد عرفان کو تحریک انصاف کے کارکنوں نے تشدد کا نشانہ بنایا جس پر تمام میڈیا نے احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بھی زیادہ افسوسناک امر یہ ہے کہ بعدازاں جب ایک خاتون رپورٹر نے سوال کیا تو عمران خان نے معذرت کرنے کے بجائے انتہائی بدتمیزی کا رویہ اپنایا اور میڈیا چینل پر الزام تراشی شروع کردی جو انتہائی قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

امیر مقام نے کہا کہ میڈیا کو نشانہ بنانا تحریک انصاف کا وطیرہ بن چکا ہے اوراس کی بنیادی وجہ پی ٹی آئی کی قیادت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے کیونکہ وہ تنقید برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا برادری تحریک انصاف کے اس رویہ کا نوٹس لے۔ مشیر وزیراعظم نے متاثرہ میڈیا ورکر سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :