راولپنڈی اور اسلام آباد میں پُر امن احتجاج کو رکوانے کیلئے لا تعداد کنٹینرز لگاکر اور پولیس دہشتگردی کے ذریعے جمہوریت اور ہیومن رائٹس کی جو خلاف ورزی کی اس کی مثال پچھلے ادوار میں بھی نہیں ملتی٬بے جا گرفتاریاں اور شیلنگ کی گئی جس سے عام شہری بھی متاثر ہوئے٬مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی وفد سے گفتگو

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 14:22

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اکتوبر2016ء) مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں پُر امن احتجاج کو رکوانے کیلئے لا تعداد کنٹینرز لگاکر اور پولیس دہشتگردی کے ذریعے جمہوریت اور ہیومن رائٹس کی جو خلاف ورزی کی ہے اس کی مثال پچھلے ادوار میں بھی نہیں ملتی۔

بے جا گرفتاریاں اور شیلنگ کی گئی جس سے عام شہری بھی متاثر ہوئے۔ راستے بند ہونے کی وجہ سے بچے سکول نہ جا سکے اوربیمار لوگ ہسپتالوں کیلئے ترستے رہے۔ میں ان حکمرانوں سے پوچھتا ہوں کہ یہ کیسی جمہوریت کی تشہیر کر رہے ہیں جس میں لوگوں کو حقوق ملنے کی بجائے ان کے حقوق تلف کر دئیے جائیں۔وہ مسلم لیگ ق کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران کیسے ہی ہتھکنڈے استعمال کیوں نہ کر لیں عوام کے غیض و غضب اور احتساب سے بچ نہیں سکیں گے ان کو ہر صورت میں کرپشن او رناجائز طریقوں سے ملک کا لوٹا ہوا سرمایہ بیرون ملک پہنچانے کا حساب دینا ہوگا۔ہم حکومت کی طرف سے گرفتاریوں اور رکاوٹوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ہم ہر صورت 2نومبر کے احتجاج میں شامل ہوں گے٬ کرپشن اور لوٹ ماربند کروا کر رہیں گے اور ملک سے لوٹا ہوا سرمایہ ان حکمرانوں سے واپس لے کرملک کی ترویج و ترقی پر استعمال کریں گے جس سے ملک میں خوشحالی آئے گی اور ملک کا ہر شہری اپنی زندگی خوشحال طریقے سے گزارے گا۔