بلوچستان کے وسائل پر یہاں کے عوام کاحق حاکمیت ہے ٬ 2018ء کے عام انتخابات میں نیشنل پارٹی بھر پور حصہ لے کر دیگر جماعتوںکو ٹف ٹائم دیگی‘نیشنل پارٹی ایک قومی پارٹی ہے یہ وہ واحد پارٹی ہے جو اپنے حقوق کے لئے جدجہد کررہی ہے چاہے وہ ہمارے قومی حقوق ہوں چاہے طبقاتی حقوق ہوں ہم پر امن طور پرجدوجہد کرنے والے لوگ ہیں

ْنیشنل پارٹی کے رہنماء سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا جلسہ عام سے خطاب

پیر 31 اکتوبر 2016 22:47

حمیدآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 اکتوبر2016ء) نیشنل پارٹی کے رہنماء وسابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ بلوچستان کے وسائل پر یہاں کے عوام کاحق حاکمیت ہے ٬ 2018؁ء کے عام انتخابات میں نیشنل پارٹی بھر پور حصہ لے گی اور ان انتخابات میں دیگر جماعتوں کو بہت ٹف ٹائم دے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے صحبت پور کے علاقے گوٹھ حاجی سہراب خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ صحبت پور کے علاقے گوٹھ حاجی سہراب خان پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیااور ان پر پھولوں کی پتیا ں نچھاور کی گئیں جہاں پر ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ 2018؁ء کے عام انتخابات میں نیشنل پارٹی بھر پور حصہ لے گی اور ان انتخابات میں دیگر جماعتوں کو بہت ٹف ٹائم دے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک قومی پارٹی ہے یہ وہ واحد پارٹی ہے جو اپنے حقوق کے لئے جدجہد کررہی ہے چاہے وہ ہمارے قومی حقوق ہوں چاہے طبقاتی حقوق ہوں ہم پر امن طور پرجدوجہد کرنے والے لوگ ہیں ۔ہم پاکستان کی تمام اکائیوں کو آپس میں جوڑ کر ساتھ لے کر چلتے ہیں ۔چاہے وہ سندھی ہو چاہے وہ پنجابی ہو چاہے وہ پختون اور بلوچ ہو ہم سب کو ساتھ لے کر اس ملک کو صحیح معنوں میں جمہوری ملک بنانا چاہتے ہیں ۔

جس میں پارلیمنٹ کی بالادستی ہو٬جس میں عدل ہو انصاف ہو ٬الیکشن کمیشن آزاد ہو اور یہاں میڈیا ذمہ دار ہو ۔انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کی ایک مجموعی پالیسی ہے ۔مجھے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ بلوچستان میں خصوصاً نصیر آباد ڈویژن میں لوگ چھوٹی چھوٹی باتوں پر اپنی ضمیر کا سودا کرتے ہیں اور وہ پانچ سے دس ہزار روپے میں اپنا ووٹ بیچ دیتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے دور حکومت میں کسی نے بھی ایک سکول تعمیر نہیں کروایا میں نے تمام سکول اپنے فنڈز سے بنائے ہیں میں نے ہر سال اپنے ایم پی اے فنڈز سے 50فیصد نکال کر سکول کے لئے دیئے ہیں ۔مگر یہا ں پر تمام سکولوں کی حالت انتہائی خراب ہے یہاں پر پر اتنی بے حسی ہے جو اور کسی جگہ پر نہیں ہے ہم پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں سریاب سے لیکر خضدار تک ایک ہزار فٹ تک پانی ہے یہاں آپ کے پاس پانی بھی ہے ۔

پٹ فیڈر کینال کے لئے ہر سال پیسے آتے ہیں یہ کہاں چلے جاتے ہیں یہ مجھے پتہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہاں پر اسکول اور ہسپتال مکمل طور پر تباہ ہیں کیونکہ یہاں پر کرپشن زیادہ ہے اس اکیسویں صدی میں بھی نصیر آباد کا دویژنل ہیڈ کوارٹر ڈیرہ مراد جمالی کا بہت برا حال ہے ۔انہوں نے کہا کہ نصیر آباد زرعی یونیورسٹی کا اعلان ہو چکا ہے مگر بد قسمتی سے تربت٬خضدار٬لورالائی٬سبی اور نصیر آباد کا اعلان کیا گیا تھا مگر ماسوائے تربت یونیورسٹی کے جو میں نے دوسال کے عرصہ میں اپنے ذاتی فنڈز سے مکمل کر لیا ہے ۔

جو بدقسمتی سے ابھی تک شروع نہیں ہو سکا ہے ۔میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ نصیر آباد زرعی یونیورسٹی کی ذمہ داری میں خود لیتا ہوں اور خود اسلام آباد جائوں گا ۔انہوں نے کہا کہ جب میں بلوچستان کا وزیر اعلیٰ تھا تو خود کچھی کینال کی مانیٹرنگ کرتا تھا لیکن اب کچھی کینال کا کا رک گیا ہے اب کچھی کینال کا نعرہ ہم لگائیں گے ہر فورم پر اور اسمبلیوں میں اس کے لئے آواز اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بڑے دکھ سے کہنا پڑ تاہے کہ یہاں کے سکول اور ہسپتال بند پڑے ہیں میں ان اساتذہ اور ڈاکٹروں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ کے نمائندے استحصال کر رہے ہیں آپ کیو ں استحصال کر رہے ہیں ۔بلوچستان میں 55ارب روپے صرف تنخواہوں کی مد میں جا رہے ہیں ۔نصیر آباد میں بہت ظلم ہے یہاں ایجوکیشن مکمل تباہ ہے ۔مگر میں حلفیہ کہتا ہوں ہمارے ہاں ایسا نہیں ہے ۔

میں پولیس کو سیاست سے نکالا ۔سفارشی کلچر کو ختم کیا ۔این ٹی ایس میں جو زیادتیاں کی گئیں ہیں ان کا ازالہ کریں گے۔کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہوگی۔ہم نصیر آباد کو بھی سی پیک میں شامل کریں گے ۔جو ایک ترقیاتی منصوبہ ہے جس کی ہم مکمل حمایت کرتے ہیں ۔ساتھ ساتھ ہماری وفاقی حکومت سے مطالبات بھی ہیں ۔بلوچستان کے وسائل بلوچ عوام کے ہیں جن پر ان کا حق ہے ۔ہم ریکوڈک کی حفاظت کریں گے گوادر کی زمین کو 25دنوں میں مافیا نے بیچ دیا نیشنل پارٹی نے ان زمینوں کی مالکانہ حقوق کینسل کی ۔اور ان مافیا سے تین لاکھ ایکڑ ہم نے واپس لے لیا ۔بلوچستان کے سائل اور وسائل کا دفاع نیشنل پارٹی ہی کرے گی ۔اس موقع پر ایم پی اے یاسمین لہڑی جان محمد بلیدی اور میر دوران خان نے بھی خطاب کیا ۔