بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے خاتون سمیت 4 افراد شہید٬ 6 زخمی

بھارتی فوج کی جانب سے نکیال سیکٹر پر فائرنگ کی گئی جس کا بھرپور انداز میں جواب دیا جارہا ہے٬ آئی ایس پی آر

پیر 31 اکتوبر 2016 23:14

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 اکتوبر2016ء) بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی پربلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 4 افراد شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آزاد کشمیر میں کوٹلی کے قریب لائن آف کنٹرول کے نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی جانب سے وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 4 افراد شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی جانب سے صبح 8 بجے لائن آف کنٹرول کی ایک مرتبہ پھر خلاف ورزی کی گئی اور وقفے وقفے سے فائرنگ کی جارہی ہے جس کا بھرپور انداز میں جواب دیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ حواس باختہ بھارت کو سرجیکل اسٹرائیک کے جھوٹے دعوے کے بعد عالمی سطح پر بدنامی کا سامنا ہے جس کے بعد سے بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔