لاہور٬ سروسز ہسپتال کی پولیس چوکی کے تین اہلکاروں نے 30 سالہ وارڈ بوائے کومبینہ طور پر سائیکل چور سمجھ کر دھرلیا

چار گھنٹے تک چوکی میں قید رکھ کر ذہنی ٹارچر کا نشانہ بنایا ایم ایس سروسز ہسپتال نے سخت نوٹس لے لیا ٬ ایس پی ماڈل ٹائون کو کارروائی کرنے کیلئے خط ارسال کردیا

بدھ 2 نومبر 2016 23:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 نومبر2016ء) سروسز ہسپتال کی پولیس چوکی کے تین اہلکاروں قیصر اور فیصل وغیرہ نے 30 سالہ وارڈ بوائے کی ڈیوٹی کرنے والے ملازم ناظر حسین کومبینہ طور پر سائیکل چور سمجھ کر دھرلیا اور چار گھنٹے تک چوکی میں قید رکھ کر ذہنی ٹارچر کا نشانہ بنایا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایم ایس سروسز ہسپتال نے سخت نوٹس لے لیا اور ایس پی ماڈل ٹائون کو کارروائی کرنے کیلئے خط ارسال کردیا ہے جبکہ پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن نے بھی واقعہ پر شدید احتجاج کیا ہے٬ جس پر سروسز ہسپتال پولیس میں تعینات تینوں اہلکاروں قیصر اور فیصل وغیرہ کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

بتایاگیا ہے کہ ناظر حسین نامی شخص جو سروسز ہسپتال کے شعبہ آئی سی یو وارڈ میں گزشتہ 30 سالوں سے بطور وارڈ بوائے ڈیوٹی دے رہا ہے٬ گزشتہ رات کو موٹر سائیکل اسٹینڈ پر اپنی سائیکل کھڑی کرنے لگا کہ اس دوران پولیس چوکی سروسز ہسپتال کے تین ملازم قیصر اور فیصل وغیرہ وہاں پر آگئے اور اسے سائیکل چوری کے شبہ میں حراست میں لے لیا اور چار گھنٹے تک پولیس چوکی میں قید رکھ کر ذہنی ٹارچر کا نشانہ بناتے رہے۔

(جاری ہے)

اس دوران ایمبولینس کے ڈرائیور رانا سعید نے وارڈ بوائے ناظر حسین کو پولیس حراست میں دیکھ کر ایم ایس کو اطلاع دی جس پر پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی چیئرمین یوسف بلا اور صدر ارشد بٹ سمیت دیگر عہدیدار بھی موقع پر پہنچ گئے۔ ایم ایس سروسز ہسپتال نے فوری طور پر ایس پی ماڈل ٹائون کو اطلاع دی اور انکوائری کرنے کے لئے بھی تحریری طورپر آگاہ کیا جس پر ایس پی ماڈل ٹائون نے تینوں اہلکاروں قیصر اور فیصل وغیرہ کے خلاف ڈی ایس پی اچھرہ کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے جبکہ اس حوالے سے پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداراوں یوسف بلا٬ ارشد بٹ اور راشد گجر سمیت دیگر نے کہا ہے کہ پولیس اہلکار نوسر بازوں اور چوروں کو پکڑنے کی بجائے اس سے پہلے بھی ملازمین کو بلاوجہ پکڑ چکی ہے جو کہ سراسر زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پولیس حکام نے انصاف نہ دلایا تو شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :