شام میں امریکی ڈرون حملہ٬ القاعدہ کا سینئر رہنما مارا گیا

القاعدہ کا سینئر رکن حیدر کرکان بیرونی علاقوں کی لڑائیوں کا منصوبہ ساز تھا٬ اس کے روابط اسامہ بن لادن اور القاعدہ کے کئی دوسرے سینئر رہنماوں کے ساتھ رہے ہیں٬پینٹاگان

جمعرات 3 نومبر 2016 13:26

واشنگٹن/دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 نومبر2016ء) شام میں امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ کا سینئر رہنما مارا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ نے شام میں ایک ڈرون حملے میں القاعدہ کے سینئر رہنما کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے ۔پینٹاگان کا کہنا ہے کہ القاعدہ کا ایک سینئر رکن جو بیرونی علاقوں کی لڑائیوں کا منصوبہ ساز بھی تھا٬ شام میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

واشنگٹن میں ایک نیوز بریفنگ میں کیپٹن جیف ڈیوس نے بتایا کہ طویل عرصے سے القاعدہ کے لیے سہولت کاری اور پیامبر کے طور پر کام کرنے والا حیدر کرکان 17 اکتوبر کو صوبے ادلیب میں مارا گیا۔اس کے روابط اسامہ بن لادن اور القاعدہ کے کئی دوسرے سینئر راہنماوں کے ساتھ رہے ہیں۔پنٹاگان کے مطابق کرکان ایک ایسا شخص تھا جس کا ہم اس کے ثابت شدہ ریکارڈ کی بنا پیچھا کررہے تھے اور وہ شام٬ ترکی اور یورپ میں کی جانے والی بیرونی تخریبی کارروائیوں میں موثر طور پر شامل تھا۔