وزیراعلیٰ کسان پیکج کے 100فیصدثمرات چھوٹے کسانوں تک پہنچائے جائیں گے٬ڈی سی اوخانیوال

جمعرات 3 نومبر 2016 23:04

خانیوال۔3نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 نومبر2016ء)ڈی سی او زید بن مقصود نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کسان دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے جو 100ارب روپے کا کسا ن پیکج دیا ہے اس کے سو فیصد ثمرات چھوٹے کسانوں تک پہنچائے جائیں گے چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اراضی ریکارڈ سنٹر پر کسان پیکج کی رجسٹریشن کے عمل کی خود نگرانی کریں اور رجسٹریشن کا عمل جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے انہوں نے یہ بات اراضی ریکارڈ سنٹر خانیوال کے اچانک معائنہ کے دوران کہی اس موقع پر اس موقع پر ای ڈی او زراعت رانا احمد منیر ٬ تحصیلدار خانیوال اور انچارج اراضی ریکارڈ سنٹر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے اراضی ریکارڈ سنٹر کے معائنہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب چھوٹے کسانوں کو کسان پیکج کے تحت بلا سود قرضے فراہم کر رہی ہے انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر پر رجسٹریشن کیلئے آنے والے کسانوں سے مسائل بھی دریافت کیے اور سنٹر عملہ کو ہدایت کی کہ رجسٹریشن کیلئے آنے والے کسانوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کی شکایت کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے ۔