وفاقی وزیر خزانہ سینیٹراسحاق ڈارکی زیرصدارت آئندہ این ایف سی ایوارڈ کیلئے تشکیل دیئے گئے ورکنگ گروپس کی اب تک کی پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس

اجلاس میں چار ورکنگ گروپس کی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی

جمعرات 3 نومبر 2016 23:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 نومبر2016ء) نیشنل فنانس کمیشن کی جانب سے آئندہ این ایف سی ایوارڈ کیلئے تشکیل دیئے گئے ورکنگ گروپس کی اب تک کی پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس جمعرات کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹراسحاق ڈارکی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں چار ورکنگ گروپس کی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی اوربتایا گیاکہ ان کی رپورٹس کامسودہ تیار کرلیا گیا ہے۔

تین گروپوں کی ابتدائی رپورٹس 5 ستمبر 2016ء کو لاہورمیںہونیوالے اجلاس میں زیربحث لائی گئی تھیں۔ چوتھی رپورٹ صوبائی حکومتوں کے ساتھ تبادلہ کیلئے تیار ہے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے جی ڈی پی کی اعلیٰ شرح نمو حاصل کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر ریونیو موبلائزیشن بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ابتدائی کام مکمل ہوچکاہے اس لئے اب ایوارڈ کی تکمیل کیلئے اگلے اقدامات کی جانب تیزی کے ساتھ پیشرفت کرنی چاہئے۔

تمام فریقین کو ریسورس موبلائزیشن اور وفاق و صوبوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے تر توجہ دینی چاہئے تاکہ ترقی و خوشحالی کے راستے پر قومی ہم آہنگی اور شراکت داری کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے تمام متعلقہ وزارتوں کو ورکنگ گروپس کی سفارشات پر اگلے ہفتے کی اختتام تک مشاورت مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ این ایف سی کاآئندہ اجلاس نومبر 2016ء کے اواخر تک منعقدکیا جاناچاہئے۔ اجلاس میں وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :