سندھ ہائیکورٹ نے صوبے کے تمام کنٹونمنٹ بورڈز کو درخواست کا فیصلہ آنے تک پارکنگ فیس کی وصولی سے روک دیا

جمعہ 4 نومبر 2016 16:06

․کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 نومبر2016ء) سندھ ہائیکورٹ نے صوبے کے تمام کنٹونمنٹ بورڈز کو درخواست کا فیصلہ آنے تک پارکنگ فیس کی وصولی سے روکتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل اور دیگر سے 15 نومبر تک جواب طلب کر لیاہے ۔جمعہ کو سندھ ہائیکورٹ میں سی بریز پلازہ ویلفیئر ایسوسی ایشن کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کے ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سے پارکنگ فیس عائد کئے جانے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے صوبے بھر میں گاڑیوں پر 200 روپے اور موٹر سائیکل پر 50 روپے فیس وصول کی جارہی ہے جبکہ اس سے قبل بھی ہائیکورٹ حکم دے چکی ہے کہ ایگزیکٹو آفیسر کے پاس فیس وصولی کا اختیار نہیں ہے ۔دو رکنی بینچ نے درخواست گزار کا موقف سنتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ کو صوبے بھر میں پارکنگ فیس وصول کرنے سے روکتے ہوئے دپٹی اٹارنی جنرل اور دیگر فریقین سے 15 نومبر تک جواب طلب کر لیا ہے ۔