سید علی گیلانی ٬ میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کے درمیان قائم ہونیوالے اتحاد کو مزید مستحکم کیا جائے٬ڈاکٹر فکتو

بھارت کشمیریوںکی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے نہتے لوگوں پر وحشیانہ مظالم ٬مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی حیثیت کو تبدیل کرنے جیسے قلیل و طویل مدتی منصوبوں پر کام کر رہا ہے٬ چیئرمین مسلم دینی محاذ

ہفتہ 5 نومبر 2016 16:12

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں مسلم دینی محاذ کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین ڈاکٹر محمد قاسم فکتو نے کہا ہے کہ چھ ماہ قبل حریت رہنمائوں سید علی گیلانی ٬ میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کے درمیان قائم ہونیوالے اتحاد کو مزید مستحکم اور پائیدار بنانے کی ضرورت ہے۔اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر محمد قاسم فکتو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا کہ تحریک آزادی کا موجودہ فعال مرحلہ اپنے منطقی انجام تک پہنچنے کے بعد بھی مزاحمتی قیادت کے اس اتحاد کو برقرار رکھنا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوںکی تحریک آزادی کو دبانے کے لیے نہتے لوگوں پر وحشیانہ مظالم اور مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی حیثیت کو تبدیل کرنے جیسے قلیل اور طویل مدتی منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر قاسم فکتونے کہا کہ بھارت کے ان مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے اور تحریک آزادی کو مزیدجلا بخشنے کیلئے حریت قیادت کے درمیان اتحاد کو مضبوط اور مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس متحدہ اتحاد کومستقل حیثیت دینے کیلئے اسے ’’ایپکس حریت کمیٹی ‘‘ کا نام دیا جائے۔ ڈاکٹرمحمدقاسم فکتو نے کہا کہ ان کی یہ گزارش ہے کہ ممتاز قانونی ماہر اور آزادی پسند شخصیت میاں عبدالقیوم کو بھی چوتھے رکن کی حیثیت سے اس اتحاد میں شامل کیا جائے۔