Live Updates

عمران خان نے اپنی سیاست ختم کرلی، حکومت کا ابھی کچھ نہیں ہوگا اور یہ تماشا چلتا رہے گا ،سیاسی پارٹیاں کرسی کے چکر میں عوام کو ذلیل کررہی ہیں

عوامی راج پارٹی کے سربراہ ایم این اے جمشید دستی کا ملتان میں عشائیہ کی تقریب سے خطاب

منگل 8 نومبر 2016 19:25

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 نومبر2016ء) عوامی راج پارٹی کے سربراہ ایم این اے جمشید دستی نے کہا کہ عمران خان نے اپنی سیاست ختم کرلی ہے۔ انہوں نے دھرنے پر عوام کو بلاکر پھر روکا اس عمل میں دو کارکن بھی جاں بحق ہوئے اور اگلے ہی دن عمران خان نے مطالبات پورے ہونے پر جشن منایا حالانکہ ان کو چاہئے تھا کہ ان جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیلئے ان کے گھر جاتے پر وہ نہیں گئے۔

حکومت کا ابھی کچھ نہیں ہوگا اور یہ تماشا چلتا رہے گا بہت جلد ختم بھی ہوجائیگا اور نہ ہی حکومت کو عوام کا خیال ہے اور نہ ہی دوسری پارٹیوں کو سب کرسی کے چکر میں عوام کو ذلیل کررہے ہیں۔آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما و ٹکٹ ہولڈر حبیب احمد انصاری کی جانب سے عوامی راج پارٹی کے چیئرمین جمشید دستی کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمشید دستی نے کہا کہ دن بدن مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے ، کاروبار ختم ہورہے ہیں اور ان دھرنوں کی وجہ سے لوگوں کا معاشی قتل ہورہا ہے اور لوگ خودکشی کرنے پر مجبور ہورہے ہیں آئے روز کسی نہ کسی شہر میں مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے خودکشی کررہے ہیں اور حکومت صرف اپنا وقت پورا کررہی ہے اور انہیں عوام کی کوئی پرواہ نہیں وہ صرف تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر شیخ عدنان ، اصغر انصاری ، رانا سعید ، محمد ریاض ملک ، حفیظ احمد ، شہباز احمد ، عظیم احمد ، امیر نواز کونسلرز ، محمد حمید ، وسیم اکرم ، شیخ ندیم کونسلر و دیگر موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات