ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کو خطرات سے بھرے خطوط موصول ہونے کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، دہشت گردی و نفرت اور ڈر کی فضاپیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کا ضرور قلع قمع کیا جائے گا

وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

منگل 8 نومبر 2016 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2016ء) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ میں ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کو نشانہ بنائے جانے اور انہیں خطرات سے بھرے خطوط موصول ہونے کی بھرپور مذمت کرتا ہوں اور یہ یقین بھی دلاتا ہوں کہ اس معاملے کی تہہ تک ضرور پہنچا جائے گا اور جو لوگ بھی دہشت گردی و نفرت اور ڈر کی فضاپیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ان کا ضرور قلع قمع کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام تصویر میں بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں صوبائیت کا جو رنگ نظر آ رہا ہے وہ قابل تشویش ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد محترم محمد علی جناح کا تعلق بھی سندھ سے تھا جبکہ لیاقت علی خان بھی سندھ ہی سے تھے،ہمارے سیکرٹری فنانس بھی کراچی سے ہی ہیں، اسی طرح ہمارے بیشتر چیف آف آرمی سٹاف صوبہ خیبر پختونخواہ سے تھے جبکہ موجودہ چیف آف آرمی سٹاف کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے اس لیے صوبے کی بنیاد پر اعتراضات اٹھانا کسی صورت بھی درست نہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے علم کے مطابق عامر رضا خان کی شفافیت پر تو آج تک کبھی کسی نے کوئی شک نہیں کیا اور ایک آمر جنرل ضیاالحق کے دور میں جب انہیں اوتھ لینے کا کہا گیا تو یہ ان چند ججوں میں سے تھے جنہوں نے حلف لینے سے انکار کر دیا تھا اور اپنی نجی زندگی میں ہی چلے گئے تھے لیکن پھر بھی اگراپوزیشن کو ان پر اتنے ہی اعتراضات ہیں تو وہ وزارت داخلہ کو بھیج دیں اور وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان ایک لائق سیاستدان ہیں جو اسے ضرور دیکھیں گے، ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کو تو اپنے اداروں پر مکمل اعتماد ہے اور اگر کوئی بھی ادارہ اس کمیٹی میں کوئی بھی آدمی دیتا ہے تو وہ کسی صوبے کو نہیں بلکہ اپنے ادارے کی نمائندگی کرے گا، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قانون سازی بالکل پارلیمنٹ کا کام ہے اور یہ پارلیمنٹ میں ہی ہونی چاہیے۔