گوروں نے کالوں کی حمایت یافتہ گوری کو مسترد کر دیا

ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کی45 ویں صدر منتخب،ہیلری کلنٹن نے شکست تسلیم کر لی ٹرمپ نے 276 جبکہ ان کی حریف نے 218 الیکٹرول کالج ووٹ حاصل کئے بلارنگ، نسل و مذہب امریکیوں کی خدمت کریں گے،ٹرمپ کا پہلا خطاب امریکہ کیلئے سب کو متحد ہونا ہوگا،ادھورے خواب ہر صورت پورے کرینگے،امن کیساتھ چلنے والوں کا ساتھ دیں گے ، کوئی خواب کوئی چیلنج بڑا نہیں ہوتا، سب کچھ حاصل کیا جاسکتا ہے،ہیلری کی امریکہ کے لئے خدمات کا اعتراف کرتا ہوں،حامیوں سے خطاب

بدھ 9 نومبر 2016 18:13

․واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء) ری پبلیکن پارٹی کے امیداوار ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے 45 ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں ،ہیلری کلنٹن نے شکست تسلیم کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کیا ہے اور امریکہ کے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ٹرمپ ہیڈکوارٹر میں اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ میرے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ میں پورے امریکا کا صدر ہوں، متحد ہوکر امریکا کے خواب پورے کریں گے۔

صدارتی انتخاب میں کامیابی کے بعدڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں ہیلری کلنٹن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فون کرکے ہمیں مبارکباد دی ہے۔ ہیلری نے ملک کے لیے اہم خدمات انجام دیں، انہوں نے سخت مقابلہ کیا ،میں اپنے ڈیموکریٹ ساتھیوں سے کہوں گا کہ وہ امریکا کے لیے متحد ہوجائیں۔

(جاری ہے)

ٹرمپ نے کہا کہ متحد ہوکر امریکا کے خواب پورے کریں گے، بلارنگ، نسل و مذہب امریکیوں کی خدمت کریں گے۔

امریکا میں نئے تعمیراتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ری پبلیکن،ڈیموکریٹس سمیت سب کو کہوں گا کہ امریکا کے لیے متحد ہوجائیں،عوام کی حمایت اور رائے کے ساتھ کام کریں گے،پچھلے 18 ماہ سے جاری مہم انتخابی مہم نہیں تحریک تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی خواب کوئی چیلنج بڑا نہیں ہوتا، سب کچھ حاصل کیا جاسکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حریف سابق صدر بل کلنٹن کی اہلیہ ہیلری کلنٹن کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔

دونوں امیدواروں کے درمیان انتخابی مہم روز اول سے ہی سنسنی خیز رہی اور دونوں نے ایک دوسرے کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ امریکہ کی ریاستوں میں ہونے والی پولنگ میں امیدواروں نے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا ، ڈونلڈ ٹرمپ نے 276 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کی حریف ہیلری کلنٹن کو 218 ووٹ مل سکے ، انتخابی نتائج کے بعد ہیلری کلنٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کر کے انہیں مبارکباد پیش کی۔

جیت کے بعد اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب مل کر ایک ہو کر کام کریں ، میری کوشش ہو گی کہ میں سب کو ساتھ لے کر چلوں ، انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر امریکن ڈریم کو ضرور پورا کریں گے۔ ہیلری کلنٹن نے اپنے دور میں امریکہ کیلئے بہت اچھا کام کیا میں ان کی خدمات کا اعتراف کرتا ہوں ، ٹرمپ نے کہا کہ آج کا دن تمام امریکیوں کیلئے انتہائی اہمیت کا دن ہے میری سب سے درخواست ہے کہ وہ ملک کیلئے متحدہ ہوکر کام کریں تاکہ امریکہ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے ، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم اپنی مضبوط اور تاریخی روایات کا تحفظ کریں گے اور امریکہ میں رہنے والے تمام لوگوں کے ساتھ ایک جیسا سلوک کیا جائے گا۔

ہم اس ملک کی ترقی کیلئے اس کی معاشی پیداوار کو دوگنا کرنے کی کوشش کریں گے اور تمام افراد خواہ وہ کسی بی رنگ و نسل سے تعلق رکھتے ہوں ان کیلئے کام کیا جائے گا۔ ٹرمپ نے کہا کہ میری مہم میں بھی ہر مذہب اور رنگ و نسل کے لوگ شامل تھے جنہوں نے میری مہم چلائی۔قبل ازیں امریکا کے 45 ویں صدر کو منتخب کرنے کے لئے پولنگ کا آغاز روایتی طور پر ریاست نیو ہیمپشائر کے 3 قصبوں سے ہوا جہاں ووٹر اجتماعی طور پر پولنگ اسٹیشنز پہنچے اور انہوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جس کے بعد مختلف ریاستوں میں بتدریج ووٹنگ ہوئی۔

ڈیموکریٹک پارٹی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے اپنے شوہربل کلنٹن کے ہمراہ نیویارک میں اپنی رہائشگاہ کے قریب واقع ایلیمنٹری اسکول میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی نیویارک میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ ووٹ کاسٹ کیا۔امریکا کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق ٹیکساس، اوہائیو، آرکنساس، ایلانوئے، نیو جرسی، میسا چوسٹس، میری لینڈ، ڈیلاوائر، شمالی کیرولینا اور ڈی سی واشنگٹن سمیت کئی ریاستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جن میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ہلیری کلنٹن پر سبقت حاصل ہے۔

اب تک کے نتائج کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ 276 الیکٹورل ووٹ حاصل کر چکے ہیں جب کہ ہلیری کو اب تک 218 الیکٹرل ووٹ ملے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ ٹیکساس سی38، فلوریڈا سے 29، اوہائیو سے 18، آرکنساس سے 6، اوکلاہاما سی7، ٹینیسی سی7، میسی سپی سی6، جنوبی کیرولینا سے 9 اور ایلاباما سی9 الیکٹورل ووٹ ٹرمپ حاصل کر چکے ہیں۔ وایو منگ کے 3، نبراسکا کے 5، نارتھ ڈکوٹا کے 3 اور جنوبی ڈکوٹا کے 3 الیکٹورل ووٹ بھی ٹرمپ نے جیت لئے جب کہ انڈیانا، کنیکٹی اور مغربی ورجینیا میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب قرار پائے۔

ہلیری کلنٹن نے امریکی ریاست کیلی فورنیا سے 55، نیویارک سے 29، ایلانوئے سی20، نیوجرسی سے 14، میساچیوسٹس سی11، میری لینڈ سی10، ڈیلاوائر سے 3 اور ڈی سی واشنگٹن سے 3 الیکٹورل ووٹ ہلیری کلنٹن لے اڑیں۔ میری لینڈ کے 10، ڈیلاوائر کے 3 اور ڈی سی واشنٹنگن کے 3 الیکٹورل ووٹ بھی ہلیری کلنٹن کے حصے میں آئے۔