وزیراعلیٰ نے کرک کے علاقے نری پنوس کو گیس کی فراہمی کی منظوری دے دی

بدھ 9 نومبر 2016 23:27

پشاور۔09نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کرک کے علاقے نری پنوس کو گیس کی فراہمی کی منظوری دے دی۔اس حوالے سے منگل کے روز وزیرعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں علاقے کی مقامی کمیٹی میں شامل قومی مشران کے ایک چار رکنی وفد نے رکن صوبائی اسمبلی گل صاحب خان خٹک کی سربراہی میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی جبکہ اس موقع پر کمشنر کوہاٹ ڈویژن مسرت حسین اور جنرل منیجر سوئی ناردرن گیس پائپ لائن (ایس این جی پی ایل) ارباب ثاقب بھی موجود تھے۔

جنرل منیجر ایس این جی پی ایل نے اس موقع پر وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ مذکورہ علاقے کو گیس کی فراہمی کے سلسلے میں سیلز میٹرسٹیشن (sms) کی باقاعدہ منظوری ہوچکی ہے اوراس سلسلے میں آئندہ 10سے 15دنوں میں پائپ لائن بچھانے کا کام شروع کیا جائے گا جبکہ کل سے گیس پائپوں کی منتقلی پر بھی کام شروع کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ مذکورہ علاقے میں گیس کی فراہمی انتہائی ضروری ہے کیونکہ صوبے کے یہ علاقے ملک کے دیگر حصوں کیلئے گیس پیدا کرتے ہیں مگر خود گیس کی سہولت سے محروم ہیں اسلئے صوبائی حکومت کی یہ اولین ترجیح ہے کہ ان علاقوں کو گیس کی سہولت سے آراستہ کیا جائے اور اس ضمن میں انہوں نے وفاقی وزیر پٹرولیم سے بھی رابطہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اس علاقے کے عوام کا حق اور دیرینہ مطالبہ تھا جسے حل کرنے سے علاقہ عوام کی مایوسیوں کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو سکے گا اور وہ قدرتی گیس کے فوائد سے مستفید ہوں گے۔ اس دوران رکن صوبائی اسمبلی گل صاحب خان نے یقین دلایا کہ اس این جی پی ایل کو علاقے میں گیس پائپ لائن بچھانے میں عوام کی طرف سے مکمل حمایت ملے گی اورپائپ لائن بچھانے کیلئے درکار اراضی کے سلسلے میں عوام کی طرف سے کوئی رکاوٹ آڑے نہیں آئے گی۔

ملاقات میں عوامی کمیٹی کے مشران نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نری پنوس کرک کو گیس فراہمی کی منظوری اور جلد از جلد سپلائی لائن بچھانے پر کام شروع کرنے کی یقین دہانی پر علاقہ کے عوام، صوبائی حکومت اور ایس این جی پی ایل کے مشکور ہیں اور اس سے علاقے میں نہ صرف گیس کی سہولت میسر آئے گی بلکہ ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

متعلقہ عنوان :