حکومتی بزنس کے امور کو سہل بنانے کیلئے محکمہ منصوبابندی و ترقیات میں بزنس کلائمنٹ یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ

جمعرات 10 نومبر 2016 23:26

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حکومتی بزنس کے امور کو سہل بنانے کیلئے محکمہ منصوبابندی و ترقیات میں بزنس کلائمنٹ یونٹ(بی سی یو)قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ جمعرات کو ورلڈ بینک کی ٹیم جس کی قیادت اس کے کنٹری چیف Mr.Patchamuthuiaamکر رہے تھے وزیر اعلیٰ ہائوس میں ملاقات میں کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی معاونت ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات محمد وسیم، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ، ڈائریکٹوریٹ بورڈ آف انویسٹمینٹ عظیم عقیلی و دیگر نے کی۔ ورلڈ بینک کے کنٹری چیف نے تجویز پیش کی کہ سندھ میں کاروبار کو سہل بنانے کیلئے ایکش پلان ہونا چاہیے، اس سے جاری کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا اور سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

ورلڈ بینک کے وفد نے سندھ حکومت کو تجویز پیش کی کہ ایک یونٹ تشکیل دیا جائے جہاں پر سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولیات کی پیش کش کی جا سکے اور حکومت کی کارکردگی میں اضافے کیلئے نیا ماحول تشکیل دیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ پی ایم ڈی میں بی سی یو قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس یونٹ کو چیئر کریں گے اور اس کے کام اور کارکردگی کی مانیٹرنگ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی، معاشی و سماجی عوامل کو بھی دیکھا جائے گا، اس یونٹ کے ذریعے ہم طریقے کار کو سادہ اور آسان بنائیں گے، جس کا مقصد وقت اور متعدد طریقہ کار اور لاگت میں کمی لائی جائے گی اور تعمیراتی پرمنٹس، ٹیکس کی ادائیگی اور پراپرٹی کی رجسٹریشن کا کام کرنے والوں کو سہولت ہوگی۔ کنسٹریشن پرمنٹ کے تحت یونٹ صحت اور سیفٹی کے معیار کو یقینی بنائے گا۔

قدرتی آفات مثلاً حالیہ سالوں میں زلزلوں کے باعث اسٹریکچر کے لحاظ سے ساؤنڈ عمارتوں کو اہمیت حاصل ہے، لہذا اس حوالے سے مذکورہ یونٹ ساؤنڈ عمارتوں کیلئے استعمال ہونے والے مٹیریل، انجنیئرنگ فلاز جیسے امور کو بھی دیکھے گا،تاکہ اس میں بہتری لائے جا سکے۔ انہوں نے اے سی ایس ترقیات محمد وسیم کو ہدایت کی کہ وہ یونٹ کیلئے تفصیلی ورک پلان تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو ضرورت پڑی تو ورلڈ بینک کے ماہرین آپ کی مدد کریںگے۔