ڈاکٹر عدنان سرور خان کے اعزازمیںجامعہ پشاور کے وائس چانسلر کی طرف سے عشائیہ

جمعہ 11 نومبر 2016 20:28

پشاور۔11نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2016ء) پشاور یونیورسٹی کے سابقہ ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسرڈاکٹر عدنان سرور خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد رسول جان کی طرف سے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں پشاور یونیورسٹی کے دیگر ڈینز آف فیکلٹیز اور افسران کے ساتھ کیمپس کے دیگر جامعات کے وائس چانسلروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے پروفیسرڈاکٹر عدنان سرور کی جامعہ میں درس و تدریس کے شعبے میں نمایاں خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ڈین نے ایک علم دوست اور حب وطن پاکستانی کی حیثیت سے ہمیشہ طلبہ کی علمی صلاحیت کی تعمیر کے ساتھ ان کی کردار سازی پر بھر پور توجہ دی اور یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر عدنان طلبہ کی ہر دل عزیز شحصیت رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر جامعہ پشاور پروفیسرڈاکٹر محمد رسول جان نے اس موقع پر کہا کہ ڈاکٹرعدنان ایک بہترین دوست اور ٹیم مین رہے ہیں جنکو جب بھی کوئی کام حوالے کیا گیا تو انہوں نے وہ پوری جاںفشانی کے ساتھ پورا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عدنان کی شکل میں جامعہ کے طلبہ کو ایک رول ماڈل ملا او ر انہوں نے نہایت مشکل حالات میں بھی ملکی ترقی اور پاکستان کے تابناک مستقبل کا پرچار کیا اور طلبہ کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار رکھا۔ تقریب میں وی سی انجنیرنگ یونیورسٹی پشاور پروفیسرڈاکٹر افتحار، وائس چانسلر جامعہ زرعیہ پروفیسرڈاکٹر ظہور سواتی اور پشاور یونیورسٹی کے سابقہ وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر قبلہ آیاز شامل تھے۔ جامعہ کے رجسٹرار ڈاکٹر سید فضل ہادی، ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اشتیاق اللہ خان بھی تقریب میں شریک تھے۔ یہاں یہبات قابل ذکر ہے کہ پروفیسرڈاکٹر عدنان سرور ماہ نومبر میں جامعہ پشاور سے ریٹائرڈ ہوگئے۔