لاہورپو لیس نے 90 کی دہائی میں فرقہ وارانہ فسادات کے مبینہ سہولت کاروں کا سراغ لگالیا

انسداد دہشت گردی فورس نے موچی گیٹ میں منہدم گھر کے 3 مکینوں سمیت 9 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا

جمعہ 11 نومبر 2016 22:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2016ء) پو لیس نے لاہور میں 90 کی دہائی میں فرقہ وارانہ فسادات کے مبینہ سہولت کاروں کا بالآخر سراغ لگا ہی لیا ‘ سیکورٹی ادارے کئی برس بعد ملزموں کو قابو کرنے میں کامیاب ہو ئے۔تفصیلات کے مطابق دو ہفتے قبل لاہور کے علاقہ موچی گیٹ کے ایک گھر میں دھماکہ خیز مواد پھٹا تو مکان منہدم ہو گیا۔

امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے سے دستی بم ملے تو کہانی کا رخ ہی بدل گیا۔ انٹیلی جنس ادارے حرکت میں آئے تو پرانے کھاتے بھی کھل گئے۔

(جاری ہے)

90 کی دہائی میں فرقہ وارانہ فسادات کے سہولت کاروں کا بھی سراغ مل گیا۔ انسداد دہشت گردی فورس نے منہدم گھر کے 3 مکینوں سمیت 9 سے زائد افراد لے حراست میں لئے۔ ذرائع کے مطابق ملزموں سے دہشت گردی اور فرقہ واریت کے متعدد واقعات کی تفتیش کی جائے گی۔ دوران تفتیش اہم انکشافات ہونے کی توقع ہے۔ ذرائع کے مطابق موچی گیٹ میں منہدم گھر میں دھماکہ خیز مواد چھپا کر رکھا گیا تھا جسے تخریبی کارروائی کے لئے استعمال کیا جانا تھا لیکن درجہ حرارت زیادہ ہونے پر بارود پھٹ گیا جس نے تخریب کاروں کا بھانڈا بھی پھوٹ گیا۔