باباگرونانک دیوجی کے 548ویں جنم دن کی تقریبات کاآغاز

سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد،چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈنے استقبال کیا،انسانی اورمذہبی معاملات میں علاقائی تنازعات رکاوٹ نہیں بننے چاہئیں۔صدیق الفاروق کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 12 نومبر 2016 18:03

باباگرونانک دیوجی کے 548ویں جنم دن کی تقریبات کاآغاز

لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12نومبر2016ء) :چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ انسانی اور مذہبی معاملات میں سیاسی اور علاقائی تنازعات رکاوٹ نہیں بننے چاہئیں بلکہ انسانیت کی خدمت ترجیح ہونی چاہیے۔ بھارت کو چاہیے کہ مسئلہ کشمیر سمیت جو بھی تنازعات ہیں انسانیت کی خدمت کے مقصد کو سامنے رکھ کر حل کرے اور وزیراعظم نواز شریف کی تنازعات کو حل کرنے کی پیشکش کا مثبت جواب دے ۔

بھارتی لیڈر شپ سیاست سے بالا تر ہو کر فراخ دلی کا مظاہرہ کرے۔ پاک بھارت کشیدگی کی بڑی وجہ دونوں ممالک کے مابین تنازعات ہیں ۔دونوں ممالک کو چاہیے کہ خطے کے دو ارب عوام کو خوشیاں دینے کے لیے آگے بڑھیں پاکستان میں امن و امان کی صورت حال خراب ہونے کا بھارتی پراپیگنڈہ درست نہیں۔

(جاری ہے)

وہ آج واہگہ ریلوے اسٹیشن پر باباگرو نانک دیوجی کے 548ویں جنم دن میں شرکت کے لیے آنے والے سکھ یاتریوں کے استقبال کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر کشیدگی کسی مسلے کا حل نہیں مسائل کے حل کا واحد راستہ مذاکرات ہیں بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے یہی دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے ۔ قبل ازیں چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز خالد علی نے پاکستان سکھ گردوارہ پر بند ھک کمیٹی کے صدر سردار تارا سنگھ کے ہمراہ بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کا ستقبال کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے اس موقعہ پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے دیگر افسران بھی موجود ہ تھے۔

چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ نے کہا ہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر سکھ یاتریوں کے لیے بہترین رہائشی ، سفری ،طبی و دیگر سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ پاکستان میں بابا گرو نانک کے جنم دن کے موقعہ پر سکھ یاتریوں کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرتے وقت کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سالوں کی نسبت اس سال اور بھی زیادہ اچھے انتظامات کئے گئے ہیں۔

پاکستان نے اس سال سکھ یاتریوں کو 3319ویزے جاری کیے ہیں جو پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہیں پاکستان اور بھارت کے مابین تین ہزارویزوں کا پروٹوکول ہے لیکن سکھ برادری کی خواہشات کے پیش نظر اس سال پروٹوکول سے بھی زیادہ ویزے جاری کیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک دیوجی کے جنم دن کے موقع پر ہم سکھ بھائیوں کو چار تحفے دیں گے۔ ننکانہ صاحب میں گردوارہ سری کیارہ سنگھ جو قیام پاکستان سے لے کر آج تک بند ہے کل سکھ یاتریوں کی خوشی کی خاطر کھول دیا جائے گا۔

بھائی مردانہ کی یاد گار کاسنگ بنیاد بھی کل رکھا جائے گا۔ 19 -نومبر کوانگیٹھا صاحب کرتارپور کا افتتاح کریں گے۔ جبکہ جنوری میں گرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر سکھ جتھہ لیڈروں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق کا شکریہ ادا کیاجن کی کوششوں سے پاکستان میں سکھ گوردواروں کی اتنی اچھی دیکھ بھال کی جاتی ہے اور سکھ یاتریوں کی آمد پر اتنے اچھے انتظامات کیے جاتے ہیں۔سکھ یاتری پاکستان میں دس دن قیام کریں گے اور مختلف گوردواروں میں مذہبی رسومات ادا کریں گے۔ 21 -نومبر کو سکھ یاتری واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :