درگاہ حضرت شاہ بلاول نورانی میں خودکش دھماکہ پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازش ہے، صاحبزادہ زبیر

اتوار 13 نومبر 2016 20:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) جمعیت علماء پاکستان وملی یکجہتی کونسل کے صدرڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے درگاہ حضرت شاہ بلاول نورانی میں خودکش دھماکہ میں 66 افراد کے جاں بحق اور160افراد کے زخمی ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے اسے پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازش قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں صاحبزادہ محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان اور اسلام دشمن طاغوتی قوتیں ملک میں فرقہ وارانہ آگ بھڑکانے کیلئے درگاہوں ،امام بارگاہوں ،مساجد اور مدارس ،علماء و مشائخ کو نشانہ بنا رہی ہیں تاکہ پاکستان میں انتشار اور افراتفری پیدا کر کے ملکی ترقی کے راستے کو روکا جاسکے، انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ماضی میں بھی حضرت عبداللہ شاہ غازی رحمة اللہ علیہ ،حضرت داتا علی ہجوی رحمة اللہ علیہ،حضرت بابا فرید گنج شکر رحمة اللہ علیہ سمیت سینکڑوں درگاہوں ،آستانوں کو نشانہ بنایا مگر افسوس آج تک ان دہشت گردوں قاتلوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیایہی وجہ ہے اب پھردہشت گردوں نے امن و محبت اور فیوض وبرکات کے روحانی مراکز مزارات اولیاء کو نشانہ بنا کرحکومت اورآپریشن ضرب عضب کرنے والی مقتدر قوتوں کوچیلنج کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت کی صفوں سے دہشت گردوںسے تعلق رکھنے والے سہولت کاروں کے نیٹ ورک کو توڑا نہیں جائے گاان دہشت گردوں کے خلاف موثر کاروائی اور اس کے اصل مقاصد حاصل نہیں ہو سکیں گے، انہوںنے درگاہ حضرت بلاول شاہ نورانی خود کش دھماکہ میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیااور صبر کی تلقین کی اور حکومت سے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ واقعہ میں سیکورٹی کے ناقص انتظامات کا جائزہ لیا جائے درگاہوں، آستانوں ،پیران کرام ،علماء اور مشائخ کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔