پانامہ لیکس ، پی ٹی‌آئی نے شریف فیملی کے خلاف دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کروا دیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 14 نومبر 2016 11:21

پانامہ لیکس ، پی ٹی‌آئی نے شریف فیملی کے خلاف دستاویزات سپریم کورٹ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 نومبر 2016ء) : پی ٹی آئی نے شریف فیملی کے خلاف دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کروا دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے وکیل نعیم بخاری نے شریف فیملی کے خلاف دستاویزات جمع کروائیں۔ پی ٹی آئی نے دستاویزات میں شریف فیملی کے قرضہ معاف اور اکاؤنٹس سے متعلق تفصیلات فراہم کی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جمع کروائی گئی دستاویزات 686 صفحات پر مشتمل ہیں۔

دستاویزات میں کہا گیا کہ شریف خاندان نے ہنڈی سے رقوم کی بیرون ملک منتقلی کی جس کے شواہد موجود ہیں ۔ پی ٹی آئی کی جا نب سے جمع کروائی گئی دستاویزات میں کہا گیا کہ 1988تا1991تک شریف خاندان نے غیر قانونی طور پر 56ملین روپے کی رقم باہر بھیجی ، اس دوران کسی ٹیکس دستاویزات میں اس کا ذکرنہیں ہے ۔

(جاری ہے)

دستاویزات میں بتایا گیا کہ شریف خاندان نے ساڑھے چودہ کروڑ روپے منی لانڈرنگ سے باہر بھیجے جس دوران شریف فیملی کی جانب سے محض 897روپے انکم ٹیکس ادا کیا ، بیرون ملک بھجوائی گئی رقم کا ٹیکس گوشواروں میں بھی تذکرہ نہیں کیا گیا ۔

نو از شریف کے کاروباری شراکت دار خالد سراج نے منی لانڈرنگ سے پردہ اٹھایا ۔ نواز شریف جب وزیر خزانہ بنے تو ان کی ایک انڈسٹری تھی ، وزیر خزانہ رہتے ہوئے ان کے صنعتی یونٹ تیزی سے بڑھے ، اور نواز شریف کے وزیر خزانہ ہوتے ہوئے ہی ان کی صنعتیں بیس ہو گئیں۔ پی ٹی آئی کی دستاویزات پانچ بُکس پر مشتمل تھیں جس کے ساتھ شریف خاندان کے قرضہ معاف کروانے کے دستاویزات بھی منسلک تھے۔ سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے دستاویزات میں بتایا گیا کہ شریف خاندان کے ذمے6146ملین روپے کے قرضہ جات موجود ہیں۔