خیبر پختونخوا میں پہلی بار پیرا گلائڈنگ مقابلوں کا انعقاد

پیر 14 نومبر 2016 13:30

خیبر پختونخوا میں پہلی بار پیرا گلائڈنگ مقابلوں کا انعقاد

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 نومبر2016ء) ٹورزم کارپوریشن آف خیبر پختونخوا(ٹی سی کے پی)کے زیر اہتمام پہلی بار پیرا گلائڈنگ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔پیرا گلائڈنگ کا یہ مقابلہ مسری بندہ اکوڑہ خٹک کے علاقے میں منعقد کیا گیا جس میں خواتین سمیت 20 افراد نے حصہ لیا۔خیبر پختوانخوا میں پہلی بار عام لوگوں کے لیے سرکاری سطح پر پیرا گلائڈنگ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔

پیراگلائڈنگ کو ایک مشکل ایڈونچر کھیل سمجھا جاتا ہے اور دنیا بھر میں اسے مقبول ترین تفریح بخش سرگرمی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔مقابلے میں شرکت کرنے کے خواہش مند افراد کو پشاور میں حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں بنیادی تربیت بھی فراہم کی گئی تھی جس میں پیشہ ور فلائٹ انسٹرکٹر نے مفید معلومات فراہم کیں۔

(جاری ہے)

صوبائی سیکریٹری سیاحت نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ خاص طور پر نوجوان اس طرح کی تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمے نے محفوظ اور تفریحی پیراگلائڈنگ ایونٹ کا کامیابی سے انعقاد کیا جبکہ 19 سے 20 نومبر، 3 سے 4 دسمبر، 16 سے 17 دسمبر اور 30 سے 31 دسمبر کو بھی عام شہریوں کے لیے اس طرح کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔مقابلے میں شرکت کے لیے رجسٹریشن فیس 3 ہزار روپے فی کس رکھی گئی ہے جس میں دو سولو فلائٹس کی جاسکتی ہیں۔اس کے علاوہ ایونٹ کے دوران شرکا کو ٹرانسپورٹ، کھانا، فرسٹ ایڈ کٹ اور دیگر سہولتیں بھی فراہم کی جاتی ہیں۔آئندہ مقابلوں کے لیے رجسٹریشن فارم ٹی سی کے پی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔