جسٹس ایم ۔آرکیانی کی برسی کل منائی جارہی ہے

پیر 14 نومبر 2016 13:36

جسٹس ایم ۔آرکیانی کی برسی کل منائی جارہی ہے
ملتان۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء)نامورماہر قانون ،سابق چیف جسٹس اور ادیب محمد رستم کیانی (ایم آر کیانی)کی برسی کل 15نومبر کو منائی جارہی ہے۔ایم آر کیانی18اکتوبر1902ء کو کوہاٹ کے گائوں شاہ پور میں پیدا ہوئے۔اسلامیہ ہائی سکول کوہاٹ سے میٹرک کیا۔ایف اے کاامتحان پشاور سے پاس کیا اوراس کے بعد گورنمنٹ کالج لاہور سے انگریزی میں ایم اے کیا۔

تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ سول سروس سے منسلک ہوئے۔1938ء میں انہوںنے عدلیہ سے وابستگی اختیار کی۔

(جاری ہے)

پنجاب ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے اور پھر1949ء میں وہ پنجاب ہائی کورٹ کے جج مقررہوئے ۔1958ء میں مغربی پاکستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے پرفائز ہوئے۔چیف جسٹس کی حیثیت سے ان کی بے لاگ تقریریں ملک بھر میں سراہی گئیں۔انہوں نے ان تقاریر کو مجموعوں کی صورت میں بھی ترتیب دیا۔ان کی متعدد انگریزی کتابیں شائع ہو ئیں جبکہ اردو کتاب ’’افکارپریشاں‘‘کے نام سے مقبول ہوئی۔1962ء میں انہوںنے ریٹائرمنٹ حاصل کی ۔اپنی بے لاگ تقریروں کی وجہ سے انہیں سپریم کورٹ کے جج کاعہدہ نہیں دیاگیاتھا۔نومبر1962ء میں وہ مشرقی پاکستان کے دورے پر گئے اور 15نومبر1962ء کو چٹاگانگ میں ان کاانتقال ہوگیا۔