حلقہ پی پی 78 جھنگ ضمنی انتخابات، آزاد ناصر انصاری کی کامیابی یقینی ہوگئی

پیر 14 نومبر 2016 14:06

حلقہ پی پی 78 جھنگ ضمنی انتخابات، آزاد ناصر انصاری کی کامیابی یقینی ..
فیصل آباد/جھنگ۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء)یکم دسمبربروز جمعرات کو منعقد ہونے والے حلقہ پی پی 78 شہری نشست جھنگ کے صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں اہم ترین امیدواروںمولانا محمد احمد لدھیانوی اور راشدہ یعقوب شیخ کے نااہل ہونے سے مسلم لیگ(ن) اور دونوں شیخ گروپوں(شیخ محمداکرم ایم این اے گروپ ، شیخ محمد یعقوب سابق ایم پی اے گروپ )کے مشترکہ نامزد امیدوار آزاد ناصر انصاری کی کامیابی یقینی ہوگئی ہے جبکہ تحریک انصاف کے ارفع مجید شیخ ،پی پی پی کے سرفراز ربانی ،عوامی تحریک کے رانا محمد نسیم نے بھی انتخابی مہم کا آغاز کر دیاہے۔

اس حلقہ سے مولانا محمد احمد لدھیانوی اورراشدہ یعقوب شیخ کی نااہلی سمیت پی ٹی آئی کے پروفیسر محمد آصف ڈھڈی ، آفتاب عیسیٰ ایڈووکیٹ ، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مہر بہادر خان جھگڑ اور سرفراز جھنگوی وغیرہ کے کاغذات نامزدگی واپس لئے جانے کے بعد اب اس حلقہ سے 25 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جن میں شیخ فواد اکرم، شیخ شیراز اکرم، وقار احمد انصاری،ارفع مجید،۱ٓزاد ناصر انصاری،مولانا مسرور نواز جھنگوی، مولانا عبدالغفور جھنگوی، ڈاکٹر عبدالجبار خان، ملک محمد سعید اختر، شیخ حاکم علی،چوہدری شہباز احمد گجر ایڈووکیٹ،سرفراز احمد صدیقی، سلطان محمود نظامی،شیخ علی رضا ٹیپو،محمد عارف عرف بوٹا،محمد عرفان،رانا محمد فیاض شامل ہیںتاہم ان میں اکثر کورنگ کینڈیڈیٹ اور غیر سنجیدہ امیدوار شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر/ریٹرننگ ۱ٓفیسرحلقہ پی پی 78 شہری نشست جھنگ تنویر الحسن لنگاہ نے بتایاکہ انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ یہ نشست لیگی ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 78 شہری نشست جھنگ راشدہ یعقوب شیخ کی نااہلی کے باعث خالی ہو ئی ہے ۔