عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد 20 لاکھ سے 30 لاکھ غیر قانونی تارکینِ وطن کو ملک بدرکردونگا جن کا جرائم پیشہ ریکارڈ رہا ہے-ڈونلڈٹرمپ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 14 نومبر 2016 14:19

عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد 20 لاکھ سے 30 لاکھ غیر قانونی تارکینِ وطن کو ..

واشنگٹن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 نومبر۔2016ء) نو منتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ 20 لاکھ سے 30 لاکھ غیر قانونی تارکینِ وطن جن کا جرائم پیشہ ریکارڈ رہا ہے، عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد ا±نھیں ملک بدر کر دیں گے، اور اپنی انتخابی مہم کے دوران امریکہ میکسیکو سرحد کے ساتھ دیوار تعمیر کرنے کا وعدہ پورا کریں گے، تاکہ ناجائز تارکینِ وطن کے ملک میں داخل ہونے کے سلسلے کو بند کیا جائے۔

انھوں نے یہ بات امریکی نشریاتی ادارے سے ایک انٹرویومیں کہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم یہ کریں گے کہ مجرموں، جرائم پیشہ ریکارڈ رکھنے والوں، جرائم پیشہ ٹولوں کے ارکان، منشیات کے ڈیلروں کو پکڑیں گے جن کی تعداد ہوسکتا ہے 20 لاکھ، 30 لاکھ ہو، ہم ایسے افراد کو اپنے ملک سے باہر نکال دیں گے یا انھیں ہم جیل میں ڈال دیں گے۔

(جاری ہے)

لیکن ہم انھیں ملک سے باہر نکالیں گے، وہ ناجائز طور پر یہاں ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ دیوار تعمیر کریں گے جو انتخابی مہم کے دوران ان کے پکے حامیوں کا مقبول نعرہ رہا ہے۔ تاہم اس کا کچھ حصہ باڑ کی صورت میں ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ کام اچھی طرح کراسکتا ہوں جسے تعمیر کہتے ہیں۔ انھوں نے عہد کیا کہ دیوار پر اٹھنے والے اخراجات میکسیکو بھرے گا۔ لیکن امریکہ کا یہ جنوبی ہمسایہ کہتا ہے کہ وہ ایسا نہیں کرے گا۔مجموعی طور پر امریکہ میں تقریباً ایک کروڑ 10 لاکھ غیرقانونی تارکین وطن مقیم ہیں۔ لیکن، ٹرمپ نے کہا ہے کہ جب سرحد محفوظ ہوجائے گی اور غیر قانونی لوگ ملک بدر ہوجانے کے بعد ان کی حکومت فیصلہ کرے گی کہ امریکہ میں رہنے والے باقی لاکھوں ناجائز تارکین وطن کے ساتھ کیا سلوک روا رکھا جائے۔

متعلقہ عنوان :