اسرائیل کا فوج کے زیراستعمال تمام اقسام کے ٹینکوں کو اپ گریڈ کرنے ،جدید حفاظتی ،مواصلاتی آلات نصب کرنے کا اعلان

پیر 14 نومبر 2016 14:44

اسرائیل کا فوج کے زیراستعمال تمام اقسام کے ٹینکوں کو اپ گریڈ کرنے ،جدید ..
مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2016ء) اسرائیلی عبرانی میڈیا نے بتایا ہے کہ فوج کی اعلیٰ قیادت نے فوج کے زیراستعمال تمام اقسام کے ٹینکوں کو اپ گریڈ کرنے اور ان پر جدید حفاظتی اور مواصلاتی آلات نصب کرنے کا اعلان کیا ہے۔اسرائیلی فوج کی مقرب سمجھی جانیوالی عبرانی نیوز ویب سائٹ ’این آر جی‘ نے عسکری ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا ہے کہ فوج کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے انجینئرنگ کور کو ہدایت کی ہے کہ وہ’میرکافاہ‘ اور دیگر تمام اقسام کے ٹینکوں پر جدید مواصلاتی آلات نصب کریں تاکہ ٹینکوں کو کسی بھی وقت غزہ کی پٹی اور اسرائیل کی شمالی سرحد پر لبنان کے خلاف جنگ کی صورت میں دشمن کے حملوں میں زیادہ سے زیادہ نقصان سے بچا جاسکے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فوج کی طرف سے ٹینکوں کو جدید خطوط پر دفاعی آلات سے لیس کرنے کا فیصلہ پہلے ہی کیاگیا تھا۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ایک درخواست وزارت دفاع کو ارسال کی گئی تھی۔ وزارت دفاع کے ڈائریکٹر جنرل جنرل اوڈی آدم نے جدید حفاظتی آلات خرید کرنے اور انہیں ’میر کافاہ 4‘ او دیگر ٹینکوں پر نصب کرنے کی منظوری دی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹینکوں کو جدید حفاظتی آلات سے کیموفلاج کرنے کے منصوبے پر لاکھوں ڈالر کی رقم خرچ ہوگی۔ٹینکوں کے علاوہ فوجی بسوں اور سامان کی منتقلی کیلئے استعمال ہونیوالی بھاری گاڑیوں کو بھی جدید حفاظتی آلات سے لیس کرنے کی منظور دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :