بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا پاکستانی فوج نے بھرپور جواب دیا ہے ،بھارتی فائرنگ سے

پاکستان کے 7 جوان شہید ہوئے ہیں جبکہ بھارت کا بھی جانی نقصان ہوا ہے ‘بھارتی فوجیوں کو بھی اپنے ساتھیوں کی لاشیں اٹھانے کا موقع نہیں ملتا‘ پاکستان کی فوج اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ زمین کا دفاع کر رہی ہے ‘ بھارت سے خیر سگالی کی پالیسی تبدیل ہو گئی ہے ،مودی حکومت نے ہندو انتہاء پسندانہ سوچ کے تحت خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو سبوتاژ کیا ہے ‘ بدقسمتی سے افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال کی جا رہی ہے ‘ گزشتہ روز پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے اہم مرحلہ میںگوادر پورٹ سے پہلا بحری جہاز سامان لے کر روانہ ہوا ہے ‘ یہ منصوبہ دشمن کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے اسی لئے اس منصوبہ کو ناکام بنانے کیلئے کئی کوششیں ہو چکی ہیں لیکن پاکستانی حکومت ‘ فوج اور عوام سی پیک منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے پر عزم ہے، وزیردفاع خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی چینلز اور ’’آئی این پی‘‘ کو انٹرویو

پیر 14 نومبر 2016 17:07

بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا پاکستانی فوج ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 نومبر2016ء) وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا پاکستانی فوج نے بھرپور جواب دیا ہے اور پاکستان کے 7 جوان شہید ہوئے ہیں جبکہ بھارت کا بھی جانی نقصان ہوا ہے ‘بھارتی فوجیوں کو بھی اپنے ساتھیوں کی لاشیں اٹھانے کا موقع نہیں ملتا‘ پاکستان کی فوج اپنے سرزمین کے ایک ایک انچ زمین کا دفاع کر رہی ہے ‘ بھارت سے خیر سگالی کی پالیسی تبدیل ہو گئی ہے او رمودی حکومت نے ہندو انتہاء پسندانہ سوچ کے تحت خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو سبوتاژ کیا ہے ‘ بدقسمتی سے افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال کی جا رہی ہے ‘ گزشتہ روز پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے اہم مرحلہ گوادر پورٹ سے پہلا بحری جہاز سامان لے کر روانہ ہوا ہے ‘ یہ منصوبہ دشمن کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے اسی لئے اس منصوبہ کو ناکام بنانے کیلئے کئی کوششیں ہو چکی ہیں لیکن پاکستانی حکومت ‘ فوج اور عوام سی پیک منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات نجی ٹی وی چینلز اور ’’آئی این پی‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ وزیر دفاع نے لائن آف کنٹرول پربھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت 222 مرتبہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر چکا ہے اور چند ماہ سے یہ سلسلہ شدت سے جاری ہے۔ بھارتی اشتعال انگیزی کا پاکستانی فوج بھرپور جواب دیتی ہے اور اب بھارت نے آرٹلری بھی استعمال کرنا شروع کر دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری بہادر افواج بھرپور جواب دیتی ہے اور بعض اوقات بھارتی فوجیوں کو اپنے ساتھیوں کی لاشیں اٹھانے کا موقع بھی نہیں ملتا۔ وزیر دفاع نے کہاکہ جو ہتھیار بھارت استعمال کرے گا ہماری طرف سے بھی ویسا ہی جواب دییا جائے گا۔ ای ک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے کیونکہ ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی سے پورا خطہ متاثر ہو گا۔

پاکستان عالمی برادری کو ساری صورتحال سے پہلے بھی آگاہ کرتا رہا ہے اور اب بھی آگاہ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی ہدایت پر سفارتی محاذ پر بھارت کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری ہے جو جاری رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ ضرب عضب آپریشن اور دہشت گردی کیخلاف پاک فوج کی کامیابیوں کے بعد دشمن پریشان ہو چکا ہے۔ کبھی وہ سی پیک منصوبے کیخلاف وار کرتا ہے تو کبھی کوئٹہ میں وکلاء ‘ پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردی کرواتا ہے تو کبھی پشاور میں افغانستان کے راستے دہشت گردوں کو بھجوایا جاتا ہے اور گزشتہ روز درگاہ شاہ نورانی پر دہشت گردی کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے جس میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

یہ سب دشمن کی سازشیں ہیں جنہیں قومی اتحاد و یکجہتی سے ناکام بنایا جا رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک جاری ہے جس دوران 125 شہری شہید ہو چکے ہیں۔ نہتے کشمیری عوام اپنی آزادی کیلئے بھارت کیخلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے کبھی پاکستان کے اندر دہشت گردی کرواتا ہے تو کبھی ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر بلااشتعال فائرنگ کرتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مودی سرکار کا مسئلہ یو پی اور بھارتی پنجاب کے انتخابات ہیں او ران انتخابات کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ کشیدگی کو ہوا دی جا رہی ہے تاکہ مودی سرکار الیکشن میں فائدہ اٹھا سکے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کے ساتھ خیر سگالی کی پالیسی اب نہیں ہے جب مود ی حکومت اقتدار میں آئی تھی تو پاکستان نے ان سے تعلقات بہتر بنانے اور مسئلہ کشمیر سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے کوشش کی تھی مگر بھارت نے اس کا مثبت جواب نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ بھارت میںانتہا پسند ہندوئوں کی حکومت ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی پر قابو پانے میں ناکام ہوا ہے انہوں نے کہاکہ بھارت کو پاک فوج کی جانب سے بھارت کو بھرپور جواب دیا جارہا ہے،بھارت جیسے ہتھیار استعمال کرتا تھا،ہماری طرف سے وہی استعمال کیے جاتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی ہے کہ بھارت میں انتہا پسندی ہندوئوں کی حکومت ہے۔…(رانا)