نواز شریف کا بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار

بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی انتہائی تشویش ناک ہے ْپاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے،جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا،پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، وزیر اعظم کا بیان

پیر 14 نومبر 2016 17:37

نواز شریف کا بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر افسوس کا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے بلااشتعال بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی انتہائی تشویش ناک ہے، جب کہ سرحدوں کی خلاف ورزی سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

وزیر اعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطابق پیر کے روز کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور اس کے نتیجے میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرضہ سے بھارت مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے، بھارت نے معصوم کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ ڈالے ہیں ، جبر و تشدد کے استعمال سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کچلنے کے لئے عالمی قوانین اور انسانی حقوق کے پر خچے اڑا دئیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نئی جدوجہد کشمیریوں کی خالصتاً مقامی تحریک ہے لیکن بھارتی حکومت نوشتہ دیوار پڑھنے میں ناکام ہو چکی ہے، وزیراعظم نے کہا کہ آزادی اظہار کو دبانے ،جدوجہد آزادی کو کچلنے اور اپنا قبضہ برقرار رکھنے کیلئے بھارت کشمیر میں بھارتی مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان کی سرحدوں پر کارروائیاں کر رہا ہے، پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، انہوں نے کشمیری عوام سے بھارتی مظالم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا مطالبہ کیا اور بھارتی فائرنگ سے شہید پاک فوج کے جوانوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا اور سوگواران سے اظہار ہمدردی بھی کیا ہے ۔(وقار)