ہوبارٹ ٹیسٹ: آسٹریلیا پر شکست کے سائے منڈلانے لگے

اننگز کی شکست کے بچنے کے لیے مزید 120 رنز درکار ، عثمان خواجہ 56 اور سٹیون سمتھ 18 رنز کے ساتھ کریز پر موجود

پیر 14 نومبر 2016 19:44

ہوبارٹ ٹیسٹ: آسٹریلیا پر شکست کے سائے منڈلانے لگے
ہوبارٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2016ء)آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلے جارہے ہوبارٹ ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے ہیں تاہم اسے اننگز کی شکست کے بچنے کے لیے مزید 120 رنز درکار ہیں۔تیسرے دن کا کھیل جب خراب روشنی کے باعث ختم کیا گیا تو اس وقت عثمان خواجہ 56 اور سٹیون سمتھ 18 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

پہلی اننگز کی طرح آسٹریلیا کی دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور برنس بغیر کوئی رن بنائے ایبٹ کے گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی وارنر تھے جنھوں نے 45 رنز بنائے، انھیں بھی ایبٹ نے ہی آؤٹ کیا۔اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 326 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اس طرح اسے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے سکور 85 کے جواب میں 240 رنز کی بھاری برتری حاصل ہوگئی تھی۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈی کاک 106 اور باوما 74 رنز کی ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ چھ وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین بولر رہے۔اس سے قبل ہفتے کو میچ کے پہلے دن جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو آسٹریلیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 85 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ورنن فیلینڈر نے 21 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ کائل ایبٹ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔مہمان ٹیم کو مایاناز بلے باز اے بی ڈیویلیئرز اور ڈیل سٹین کی خدمات حاصل نہ ہوتے ہوئے بھی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری پہلے ہی حاصل ہے۔۔