ایٹمی قوتوں کے درمیان کشیدگی پورے خطے کے لئے تباہ کن ہے،خواجہ آصف

بھارت مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو کچل نہیں سکتا۔ مقبوضہ کشمیر میں نئی نسل آزادی کے لئے اٹھ کھڑی ہوئی ہے اور تحریک آزادی کشمیر نئے موڑ پر آ گی،بیان

پیر 14 نومبر 2016 20:57

ایٹمی قوتوں کے درمیان کشیدگی پورے خطے کے لئے تباہ کن ہے،خواجہ آصف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2016ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ گزشتہ چند ماہ سے بھا رت ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہاہے۔ دو ایٹمی قوتوں کے درمیان کشیدگی پورے خطے کے لئے تباہ کن ہے ورکنگ باؤنڈری اور ایل او سی صورتحال کا عالمی برادری کو بھی تدارک ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آٖ کنٹرول پر دراندازی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر فائر بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔

گزشتہ رات بھارتی فوج کی فائرنگ سے 7پاکستانی جوان شہید ہوئے ہیں۔ اشتعال انگیزی اور دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان ٹکراؤ سے پورا خطہ متاثر ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاک فوج اس کے انداز میں جواب دے رہی ہے اور بھارتی فوجی بھی دوسری جانب سے اپنی لاشیں اٹھا کر لے جاتی ہے۔ بھارتی در اندازی کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو کچل نہیں سکتا۔

مقبوضہ کشمیر میں نئی نسل آزادی کے لئے اٹھ کھڑی ہوئی ہے اور تحریک آزادی کشمیر نئے موڑ پر آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کرا رہا ہے۔ سی پیک کی کامیابی بھارت کیناکامی ہے بھارت پاکستان کی کامیابیوں سے بوکھلایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے بھارت میں انتہا پسندوں کی حکومت ہے جو بھارت میں ہندؤں کے علاوہ کسی کو نہیں مانتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اپنے مزموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا اور ہر موڑ پر بھارت کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے شہید جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔۔( علی)