پاکستان اورترکی کے تعلقات میں آنے والے دنو ں مزید وسعت آئیگی،محمد شہبازشریف

ترکی نے اپنے عظیم قائد رجب طیب اردوان کی قیادت میں تیز رفتاری سے ترقی کی منازل طے کی ہیں‘وزیراعلیٰ

پیر 14 نومبر 2016 22:01

پاکستان اورترکی کے تعلقات میں آنے والے دنو ں مزید وسعت آئیگی،محمد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستان میں ترکی کے سفیر ایس بابر گرگن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک ترک تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات موجود ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت کے دور میں دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی بین الاقوامی امو رپر یکساں موقف رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام مشکل حالات میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین باہمی اعتماد اور باہمی احترام کا مضبوط رشتہ موجود ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط معاشی روابط میں بدل چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترکی نے اپنے عظیم قائد رجب طیب اردوان کی قیادت میں تیز رفتاری سے ترقی کی منازل طے کی ہیں اور ترکی کی تیز رفتار ترقی آج اقوام عالم کیلئے رول ماڈل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور ترکی نے ہر آڑے وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے عوام نے گزشتہ دنوں اپنے عظیم قائد رجب طیب اردوان کی قیادت میں جس طرح بغاوت کی کوشش ناکام بنائی اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ ترک عوام نے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ٹینکوں کے سامنے لیٹ کر جمہوریت کا کامیاب دفاع کیا اور ترکی کے عوام نے جمہوریت کیلئے عزم و ہمت کی نئی داستان رقم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو تجارتی، معاشی اور دیگر شعبوں میںتعاون کو مزید فروغ دینا ہے اور وقت آ گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے تجارتی حجم میں مزید اضافہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنو ںمیں دونوںملکوں کے مابین تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔ ترک سفیرایس بابر گرگن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیںاورترکی پنجاب کیساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات جاری رکھے گا۔ لاہور میں تعینات ترکی کے قونصل جنرل سردار ڈینیز (Mr. Serdar Deniz)، صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ، خواجہ احمد حسان اور چیف سیکرٹری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :