پیپلز پارٹی کی بھارتی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی سخت مذمت ، حکومت قومی سلامتی کونسل کا اجلاس بلائے، شیری رحمان

پیر 14 نومبر 2016 22:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور پوری قوم شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ شیری رحمان نے کہا کہ وقت آ گیا ہے پاکستان حکومت بین الاقوامی برادری کے سامنے اپنے بیانئے کو مضبوط انداز میں پیش کرے اور اقوام عالم میں اپنی قوم کا موقف لے کر جائے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کا دفاع پوری قوم کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، اس سال بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی178خلاف ورزیاں کی گئی ہیں جس سے 19 شہری ہلاک اور سوسے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ مودی حکومت بلا اشتعال سرحد پار فائرنگ کرکے کیا پیغام دینا چاہتی ہی ایسے اقدامات بھارت کشمیر میں اپنی ریاستی تشدد سے توجہ ہٹانے کے لئے کررہاہے ۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔حکومتی بیانات کافی نہیں ، حکومت قومی سلامتی کونسل کا اجلاس بلائے۔