ہمارے پاس پن بجلی پیداوار کے وسیع ذخائر ہیں،پرویزخٹک

متعلقہ حکام چین کو مختلف منصوبوں کی فزیبلٹی دیں، سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں ،بہترین سیکورٹی دیں گے، وزیراعلی خیبرپختونخوا

پیر 14 نومبر 2016 22:51

ہمارے پاس پن بجلی پیداوار کے وسیع ذخائر ہیں،پرویزخٹک

ْپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہمارے پاس پن بجلی پیداوار کے وسیع ذخائر ہیں کیونکہ ہمارے ہاں سطحی پانی کی بہتات ہے۔ اس کے علاوہ گیس اور تیل کی ایکسپورریشن میں بھی سرمایہ کاری کی بہت پوٹینشل ہے ہم اس پوٹینشل کو صوبے کے معاشی استحکام کی بنیاد بنانا چاہتے ہیں تاکہ صوبہ اپنے پائوں پر کھڑا ہو سکے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چین کو مختلف منصوبوں کی فزیبلٹی دیں۔ ہم چینی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور انہیں بہترین سیکورٹی دیں گے ۔اُمید ہے کہ ہماری شراکت داری وقت کے ساتھ ساتھ مزید دیر پا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پختونخوا ہائوس اسلام آباد میں چینی سرمایہ کار کمپنی کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اجلاس میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں 225 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کے منصوبے پر خیبرپختونخوا حکومت اور چائنا انرجی اینڈ انجینئرنگ کارپوریشن لمٹیڈکے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے ۔ وزیراعلیٰ نے اس معاہدے کو انتہائی خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ حکومتی کمپنی کے ساتھ سرمایہ کاری ہماری ترجیح ہے کیونکہ اس میں مسائل کم ہو تے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ہم نے صنعت کاری کیلئے ایک روڈ میپ بنا دیا ہے۔ صوبے میں صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنے اور سرمایہ کاروں کو سہولیات دینے کیلئے ایک آزاد اور با اختیار کمپنی ازدمک بنا دی گئی ہے۔ صوبائی صنعتی پالیسی کے تحت سرمایہ کاروں کو یہ پرکشش مراعات دی جارہی ہیں۔وزیراعلیٰ نے چین کو پن بجلی کے منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کی اور اُمید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت اور چین کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہو گی۔

انہوںنے کہاکہ ہم سی پیک کے حوالے سے بھی اپنی پوٹینشل کو مارکیٹ کرنا چاہتے ہیں۔قبل ازیں چیف ایگزیکٹیو چائنا انرجی اینڈ انجینئرنگ کارپوریشن اور سپیشل سیکرٹری انڈسٹریز خیبرپختونخوا نے معاہدے پر باضابطہ دستخط کئے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی عبد الکریم ، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، چیئرمین ازدمک غلام دستگیر اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

معاہدے کے مطابق چین کی سرکاری کمپنی نہ صرف فیزبیلٹی یقینی بنائی گئی بلکہ 225 میگاواٹ کا مشترکہ سائیکل گیس ٹربیون منصوبہ بھی لگائے گی ۔صوبائی حکومت کی اضافی گیس کے ذریعے بجلی پیدا کی جائے گی جس کی وفاق سے بد ستور منظوری لی جا چکی ہے ۔صوبائی حکومت گیس سپلائی ، تحقیق اور ٹاپو گرافک سروے سے متعلق فزیبلٹی سٹڈی فراہم کریگی ۔

متعلقہ عنوان :